این سی اے میں ایرانی ہینڈی کرافٹ اور منی ایچر پینٹنگ کی افتتاحی تقریب
لاہور(ایجوکیشن رپورٹر)ایرانی ثقافت اور کلچر اس لحاظ سے بھی منفرد ہے کہ یہ مشرق وسطی کی قدیم ترین تہذیبوں میں سے ایک ہے۔ ایرانی ثقافت نے اگر ایک طرف یورپ تک اپنے نقوش چھوڑے ہیں، تو دوسری طرف ایشیاء اور وسط ایشیا کی ریاستوں کی ثقافت پر بھی ایرانی کلچر اور تہذیب کے آثار موجود ہیں۔ نیشنل کالج آف آرٹس میں خانہ فرہنگ ایران کے زیر اہتمام20 فروری کوایرانی ہینڈی کرافٹ اور منی ایچر پینٹنگ کی افتتاحی تقریب منعقد کی گئی۔ جس کے مہمان خصوصی پرنسپل نیشنل کالج آف آرٹس پروفیسر ڈاکٹر مرتضی جعفری اور ڈائریکڑ جنرل خانہ فرہنگ اکبر بر خورداری تھے۔ خانہ فرہنگ اسلامی جمہوریہ ایران لاہور کے زیراہتما م نیشنل کا لج آف آرٹس کی ظہور اخلاق گیلری میں ہونے والی اس نمائش میں فنون لطیفہ کے شائقین کی کثیر تعداد نے بھی شرکت کی۔
افتتاحی تقریب کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے پرنسپل نیشنل کالج آف آرٹس پروفیسر ڈاکٹر مرتضی جعفری کا کہنا تھا کہ آج ہم نے جو آرٹ ورک نمائش کے لئے پیش کیا ہے ۔ بہت اعلی اور منفرد ہے۔ جن آرٹسٹوں کا کام نمائش میں کام رکھا گیا ہے۔ ان میں سے ایک خاتون ایم بی اے بھی ہیں، جو قابل ستائش بات ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ جہاں تک اس شو کے لئے ہماری خدمات کی بات ہے تو ہم نے ایرانی کلچرسینٹر کو گیلری فراہم کی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں پرنسپل این سی اے کا کہنا تھا کہ پاک ایران دوستی تو پہلے ہی بہت پرانی ہے۔ لیکن اس طرح کی تقریبات سے ہماری دوستی مزیدمضبو ط ہوگی۔ انھوں نے اس موقع پر بتایا کہ نیشنل کالجّ آف آرٹس میں اس وقت 4 طلبہ ایران سے پڑھنے کے لئے آئے ہوئے ہیں ۔پرنسپل این سی اے نے اس بات پر خوشی کا اظہار بھی کیا کہ نمائش میں رکھے گئے کام میں سے بہت سا آرٹ ورک فروخت بھی ہوچکا ہے۔
