شہبازشریف کا مادری زبان کے عالمی دن کے موقع پر پیغام

شہبازشریف کا مادری زبان کے عالمی دن کے موقع پر پیغام

  

لاہور(خصوصی رپورٹ) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ زبان کسی بھی قوم کی شناخت کے لئے نہایت اہمیت کی حامل ہے، زبان سے قوم کو پہچان ملتی ہے ۔زبان مادری او رثقافتی ورثے کی بقااو رترویج کا سب سے بہترین ذریعہ ہے اور بلاشبہ زبان کسی بھی انسان کی ذات اور شناخت کا اہم ترین جزو ہے ۔ قومی شناخت او ر بیش قیمت تہذیبی و ثقافتی میراث کے طور پر مادری زبانوں کی حیثیت مسلمہ ہے اور آج کے جدید دور میں بھی مادری زبان کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا ۔مادری زبانوں کے ہر ہرلفظ اور جملے میں قومی روایات، تہذیب وتمدن، ذہنی و روحانی تجربے پیوست ہوتے ہیں۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے مادری زبان کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ زبان ایک ایسا سماجی عطیہ ہے جو زمانے کے ساتھ ساتھ ایک نسل سے دوسری نسل کو منتقل ہوتا رہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں پائی جانے والی لسانی اور ثقافتی روایات کے بارے میں شعور اور آگاہی پیداکرنے کے حوالے سے زبانیں کلیدی کردار اداکرتی ہیں۔ مادری زبان کی تعلیم سے خود زبان کی ترویج واشاعت میں مددملتی ہے اورزبان کی آبیاری ہوتی ہے۔ مادری زبان میں دی جانے والی تعلیم بچوں کی ذہنی نشو و نما پر مثبت اثرات مرتب کرتی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان میں بسنے والی بڑی آباد ی پنجابی زبان بولتی ہے اس لحاظ سے پنجابی یہاں سب سے زیادہ بولی جانے والی زبان ہے ۔

مزید :

صفحہ آخر -