ایل او سی پر تعینات پاکستانی جوان کی بھارتی فوجی سے اظہار ہمدردی کی ویڈیو سوشل میڈیا پروائرل

ایل او سی پر تعینات پاکستانی جوان کی بھارتی فوجی سے اظہار ہمدردی کی ویڈیو ...

  

اسلام آباد (آئی این پی ) بھارتی فوجی اہلکار کی جانب سے ناقص کھانے کی ویڈیو اپ لوڈ ہونے کے بعدلائن آف کنٹرول پر تعینات پاکستانی سپاہی کی ویڈیو بھی سامنے آگئی ، پاکستانی فوجی نے سوشل میڈیا پر ویڈیو اپ لوڈ کرنیوالے بھارتی فوجی سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے حکام سے بھارتی فوجیوں کے ساتھ کھانا بانٹنے کی اجازت دینے کی درخواست کردی ۔تفصیلات کے مطابق لائن آف کنٹرول پر تعینات پاکستانی سپاہی کی ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں سپاہی نے کہا ہے کہ میں پاک فوج کا سپاہی ہوں اور اس وقت کشمیر کے محاذ پر اپنی ڈیوٹی سرانجام دے رہا ہوں، چند دن پہلے بھارتی فوجی کاسوشل میڈیا پر انٹرویو سن کر مجھے بڑا دکھ ہوا کیونکہ ایک فوجی کے حالات اور مجبوریاں ایک فوجی ہی اچھے طریقے سے جان سکتا ہے۔ میری اس ویڈیو کا مقصد کسی کی دل آزاری نہیں ہے اور الحمد اللہ میں پاکستانی ہونے پر فخر کرتا ہوں اور دنیا کو باور کرانا چاہتا ہوں کہ پاک فوج اوربھارتی فوج کے درمیان فرق جان لیں اور اس بات کا فیصلہ کر لیں کہ سرجیکل سٹرائیک کے دعوے داروں کی حقیقت کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ میں یہ کھانا دکھانا چاہتا ہوں جو ہمارے یونٹ نے سرد موسم میں ہمیں فراہم کیا ہے۔ آج مجھے چنے کا سالن، حلوہ، انڈے اور گرم پراٹھا بھیجا گیا ہے اور چائے کا ایک تھرماس ہے جو پوسٹ پر موجود چار جوانوں کیلئے ہے۔ میں یہ بات بتانے میں بڑا فخر محسوس کرتا ہوں کہ ہمارے کمانڈر اس بات کو یقینی بناتے ہیں کہ ہمیں ہمارے گھروں سے بھی اچھا کھانا مہیا کیا جاتا ہے۔ پاکستانی سپاہی نے مزید کہا کہ میں اپنے کمانڈر سے درخواست کرتا ہوں کہ ایک فوجی ہونے کے ناطے ہمیں اس بات کی اجازت دی جائے کہ ہم سرحد پار فوجیوں کو اپنے راشن میں سے حصہ دے سکیں یا پھر اس بات کا حکم دیا جائے کہ ہم سرحد پار دشمن کو سرجیکل سٹرائیک کا عملی نمونہ پیش کر سکیں۔آخر میں انتہائی افسوس کے ساتھ یہ کہتا ہوں کہ پچھلے کچھ دن پہلے بھارتی فوجی نے اپنے دل کی آہ نکالی تو اس کو اس طریقے سے غائب کیا گیا کہ اس کی بیوی آج بھی اس کا انتظار کر رہی ہے، ویڈیو کے آخر میں پاکستانی سپاہی نے پاک فوج زندہ باد، ’’پاکستان پائندہ باد‘‘کے نعرے بھی لگائے۔

مزید :

صفحہ آخر -