کرائم رپوٹروں کے اعزاز میں تقریب،ایوارڈ تقسیم کئے گئے

کرائم رپوٹروں کے اعزاز میں تقریب،ایوارڈ تقسیم کئے گئے

  

لاہور(کرا ئم رپورٹر) الحمراء ہال مال روڈ میں کرائم رپورٹروں کو بہترین کار کردگی پر ایوارڈ دینے کی تقریب منعقد کی گئی ۔ تقریب کا اہتمام کرائم رپورٹروں کی تنظیم اے سی آر اور چوہدری شفیق گروپ کے زیر اہتمام کیا گیا۔ جس میں معروف صحافی سہیل وڑائچ، نوید چوہدری ، ایثار رانا ، ارشد انصاری ، اعجاز بٹ ، اسد مرزا، یونس باٹھ ، فرید بابرخان ،خرم پاشا، اور کاشف بٹ سمیت صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ اس موقع پر سہیل وڑائچ نے کہا کہ اے سی آر لاہور میں اتنی بھرپور تقریب کا انعقاد کر کے مجھے اپنی جوانی کے دن یاد دلا دیے۔ انہوں نے کہا کہ اخبارات اور چینل میں کرائم رپورٹر ریڑھ کی ہڈی کا درجہ رکھتے ہیں ان کیلئے ایسی تقریبات کا انعقاد بہت اچھی روایت ہے ۔ سینئر صحا فی نوید چوہدری نے کہا کہ اے سی آر لاہور کی دوسری سالگرہ کے موقع پر لاہور بھر کے کرائم رپورٹروں کو ایوارڈ دینے کی تقریب نے میرادل خوش کر دیا ہے مزید ایسے پروگرام کروائے جانے چاہئیں ۔ روزنامہ پاکستان کے گروپ ایڈیٹر ایثار رانا نے کہا کہ کرائم رپورٹروں کو انویسٹی گیٹو سٹوری پر توجہ دینی چاہیے اور پولیس افسران کے پی آر اوز کی بالکل نہیں سننی چاہیے۔ اے سی آر کے صدر اعجاز بٹ نے کہا کہ کرائم رپورٹر ہر بمب دھماکے اور خطرناک واردات کے بعد سب سے پہلے موقع واردات پر پہنچتے ہیں ان کو ایوارڈ ملنے سے پوری صحافی برادری کو خوش ہونا چاہیے ۔ اے سی آر کے ایک جنرل سیکرٹری اسد مرز ا نے کہا کہ اے سی آر ایسی مزید تقریبات کروائیگی۔ اے سی آر کے نائب صدر یونس باٹھ نے کہا کہ ہم صحافیوں کو ایوارڈ دینے کی اس روایت کو آگے بڑھائیں گے ۔ آخر میں سہیل وڑائچ ، نوید چوہدری ، ایثار رانا، الیاس گجر اور شاہد قادر سمیت تمام چیف گیسٹس نے بہترین کارکردگی پر کرائم رپورٹرز کو ایوارڈ دئیے۔

مزید :

میٹروپولیٹن 4 -