بھارت کی توانائی کیلئے چاند پر نظریں

بھارت کی توانائی کیلئے چاند پر نظریں

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک )اپنی عوام کو بیت الخلا کی سہولت فراہم کر نے میں ناکام بھارت نے توانائی حاصل کرنے کے لیے چاند پر نظریں ڈالنا شروع کردیں۔انڈین سپیس ریسرچ آرگنائزیشن کے پروفیسر نے امید ظاہر کی ہے کہ 2030تک بھارت چاند سے توانائی حاصل کر کے اپنی ضروریات پوری کرے گا۔مقامی اخبار ’’ڈان ‘‘کی رپورٹ کے مطابق بھارت میں ایک سیمینار منعقد ہوا جس میں انڈین سپیس ریسرچ آرگنائزیشن کے پروفیسر ڈاکٹر سیوتھانو پلے نے بتا یا کہ چاند پر کھدائی کر کے ہیلیئم 3حاصل کی جائے گی جس سے بھارت کی توانائی کی ضروریات پوری ہو سکیں گی۔انڈین سپیس ریسرچ آرگنائزیشن کے مستقبل کی منصوبہ بندی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 2030میں چاند سے توانائی حاصل کرنے کا پراجیکٹ مکمل ہو جائے گا۔انہوں نے بتا یا کہ ہماری آرگنائزیشن کی ترجیحات میں سب سے پہلے چاند سے ہیلیئم 3حاصل کرنا ہے۔ا ن کا کہنا تھا کہ بہت سے دیگر ممالک اس منصوبے پر پہلے سے ہی کام کر رہے ہیں ،چاند پر اتنی ہیلیئم 3موجود ہے کہ پوری دنیا کی توانائی کی ضروریات پوری کی جا سکتی ہیں۔انہوں نے بتا یا کہ انڈین سپیس ریسرچ آرگنائزیشن چاند سے ہیلیئم 3نکالنے اور زمین تک لانے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔واضح رہے کہ بھارت میں آج کل گھروں میں بیت الخلا بنوانے کی مہم چلی ہوئی ہے اور اس مہم کے اشتہارات میں امیتابھ بچن جیسے بڑے اداکار بھی عوام کو بیت الخلا کے فائدے بتا رہے ہیں لیکن ابھی تک بھارت اپنے لوگوں کو بیت الخلا فراہم کرنے میں ناکام ہے۔ناقدین کا کہنا ہے کہ بھارت پہلے اپنی عوام کے لیے بیت الخلا کا انتظام کرے پھر چاند سے بھی توانائی حاصل کرے ،ابھی بھارت کی صورتحال بہت خراب ہے ،مودی سرکار کی پالیسیوں نے بھارتی عوام کی ناک میں دم کر کے رکھا ہوا ہے۔

مزید :

صفحہ آخر -