امریکہ دھمکیاں بند کرے ، ڈرنے والے نہیں :ایرانی وزیر خارجہ

امریکہ دھمکیاں بند کرے ، ڈرنے والے نہیں :ایرانی وزیر خارجہ

  

 میونخ (آن لائن)ایران کے وزیر خارجہ جاوید ظریف نے امریکہ سے کہا ہے کہ وہ دھمکیاں دینا بند کرے اور یہ کہ ایران ان کی دھمکیوں سے ڈرنے والا نہیں ہے۔بی بی سی کو انٹرویو دیتے ہوئے جاوید ظریف نے ٹرمپ انتظامیہ پر ایران کو مشتعل اور تنگ کرنے کا الزام عائد کر تے ہو ئے کہا کہ بیلسٹک میزائل کے حالیہ تجربے کے بعد امریکہ نئی پابندیاں لگا کر ایران کو مشتعل کرنا چاہتا ہے۔انھوں نے خبردار کیا کہ اگر ایران پر مزید پابندیاں عائد کی جاتی ہیں تو تہران جوابی اقدامات کا حق رکھتا ہے۔واضح رہے کہ میونخ میں ہونے والے 53 ویں سکیورٹی کانفرنس میں امریکہ کے نائب صدر نے شرکت کی تھی۔انھوں نے اپنے خطاب میں جہاں یورپ سے رشتے پر بات کی وہیں ایران کو دنیا میں دہشت گردی کو سپانسر کرنے والا سب سے بڑا ملک قرار دیا تھا۔اسی کانفرنس کے دوران سعودی عرب اور اسرائیل نے بھی ایران کو خطے کے لیے سب سے بڑا خطرہ قرار دیا تھا۔جاوید ظریف نے کہا کہ وہ دھمکیوں سے ڈرنے والے نہیں اور دھمکیاں سفارت کاری کا سود مند آلہ کار نہیں ہیں۔جب ان سے دریافت کیا گیا کہ اس سے خطے میں ٹکراؤ اور جنگ کی صورت حال پیدا نہیں ہوگی تو انھوں نے کہا کہ وہ امید کرتے ہیں کہ ہوشمندی کا غلبہ ہو۔انھوں نے مزید کہا کہ ایران کسی کو چھیڑنے یا مخاصمت پیدا کرنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتا لیکن وہ اپنا دفاع ضرور کرے گا۔اوباما انتظامیہ کے مقابلے تہران کو اب واشنگٹن میں زیادہ مخالفت کا سامنا ہے۔امریکہ کے سابق صدر باراک اوباما کے دورِ حکومت میں ایران اور چھ عالمی طاقتوں کے درمیان تاریخی جوہری معاہدہ ہوا تھا تاہم ظریف کا کہنا ہے کہ ایران کے لیے امریکی پالیسی گذشتہ 38 سال یعنی ایران کے اسلامی انقلاب کے بعد سے کبھی بھی دوستانہ نہیں رہی ہے۔

مزید :

علاقائی -