سردار مہتاب پی آئی اے کو منافع بخش ادارہ بنائیں گے ،سید ولی شاہ
خیبر ایجنسی (بیورورپورٹ)لنڈی کوتل ،پاکستان مسلم لیگ(ن)فاٹا کے رہنماء سید ولی شاہ آفریدی نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد نواز شریف نے سردار مہتاب احمد خان کو مشیر ہوا بازی نامزدکر کے بہترین فیصلہ کیا ہے ہم اس کا خیر مقدم کرتے ہیں ۔سردار مہتاب ایک منجھے ہوئے تجربہ کار سیاستدان اور بہترین منتظم ہیں ۔پی آئی اے جو کافی عرصے سے مالی خسارے کا شکار ہے ۔پی آئی اے کو مالی خسارے سے نکال کر منافع بخش ادارہ بنائیں گے ۔پی آئی اے اور سول ایوی ایشن میں میرٹ کا نفاذ کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ قومی اداروں میں جب تک کرپشن کا خاتمہ نہیں کیا جاتا گڈ گورننس کا نفاذ نہیں کیا جاتا ملک ترقی نہیں کر سکتا ۔انہوں نے کہا کہ سردار مہتاب کا ٹریک ریکارڈ ہے کہ انہوں نے زندگی بھر اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کیا میرٹ کو ترجیح دی کرپشن کو معاشرے کے لئے کینسر سمجھتے ہیں اور اصولی سیاست کی وجہ سے ملک بھر میں انہیں قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ سردار مہتاب نے بحیثیت گورنر فاٹا کے لئے انقلابی اقدامات اٹھائے تھے ملک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ این ٹی ایس نافذ کیا تھا جس کی وجہ سے نوکریوں میں رقوم کے استعمال کا خاتمہ کیاگیا تھا اور فاٹا میں ہر سال دس ہزا ر نوجوانوں کو فنی تعلیم کے تحت مختلف ہنر سکھانے کا پروگرام شروع کیا تھا اور وظیفہ بھی دیا جاتا تھا ۔قبائلی علاقوں میں ایک ارب کی خطیر رقم سے بلا سود قرضہ جات سکیم شروع کی تھی جس کے تحت بیروزگار نوجوانوں کو قرضہ مل رہا ہے فاٹا میں پہلی یونیورسٹی کی منظوری بھی سردار مہتاب نے دی او ر کلاسیں بھی شروع ہو چکی ہیں اسی طرح فاٹا میں لیویز فورس کی شفاف بھرتیوں کیلئے پاکستان ٹیسٹنگ سروس سے معاہدہ کیا تھا اور فاٹا کی تاریخ میں پہلی مرتبہ لیویز کی بھرتیاں بھی میرٹ کی بنیاد پر شروع کی تھیں ۔انہوں نے کہا کہ فاٹا میں پولیٹکل ایجنٹوں کی پوسٹنگ اور ٹرانسفر بھی میرٹ کی بنیاد پر کی جاتی تھی اور بھاری رقوم کا خاتمہ کیا تھا او ر فاٹا میں ایماندار افسران تعینات کئے جاتے تھے سردار مہتاب کا دور میرٹ ،ایمانداری اور دیانتداری کا تھا اور عوام کے مسائل بھی حل کئے جاتے تھے انہی انقلابی اقدامات کی وجہ سے آج بھی سردار مہتاب احمد خان کو غیور قبائلی عوام بہت اچھے الفاظ سے یاد کرتے ہیں ۔
