حکومت عوامی مسائل کے حل کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے: سید محمد اشتیاق

حکومت عوامی مسائل کے حل کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے: سید محمد اشتیاق

  

پشاور (پاکستان نیوز) وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے ماحولیات سید محمد اشتیاق نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت اپنے دائرہ اختیار کے مطابق عوام کی خدمت کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور سیاسی کارکنوں کی جوق در جوق تحریک انصاف میں شمولیت اس بات کا ثبوت ہے کہ پی ٹی آئی کی مقبولیت میں آئے دن اضافہ ہو رہا ہے اور صوبائی حکومت کی کارکردگی سے عوام مطمئن ہیں۔پشاور میں باغبانان سڑک کے منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مذکورہ علاقے میں چھ ایکڑ اراضی پر 35کروڑ روپے کی لاگت سے کالج کے قیام کے لئے اقدامات جاری ہیں انہوں نے عوام سے کہا کہ وہ امیر مقام کے منفی پراپیگنڈوں پر کان نہ دھریں بلکہ ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کی جدوجہد میں پی ٹی آئی کا ساتھ دیں ۔انہوں نے کہا کہ سابقہ ادوار میں منصوبوں کے پیسے کمیشن کی نظر ہوتے تھے لیکن پی ٹی آئی کی حکومت نے کرپشن ،بدعنوانی اور حق تلفی کا تدارک کرتے ہوئے ایک صاف و شفاف نظام کی بنیا دڈالی ہے جس کی بدولت صوبہ ترقی کی راہ پر گامزن ہوا ہے۔انہوں نے عوام کو یقین دلایا کہ علاقے کے عوامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے اقدامات جاری ہیں۔تقریب سے حاجی ستار خان مہمند ، ایاز ، سید صبور شاہ ظہیر ، شیراز اور دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا اور علاقے میں ترقیاتی اقدامات اٹھانے پر وزیر شاہ فرمان اور اور معاون خصوصی سید محمد اشتیاق کی کوششوں کو سراہا۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -