غربت، بیروزگاری سے تنگ 3بچوں کی ماں سمیت 3افراد کی خودکشی
لاہور( خبرنگار) باغبانپورہ ،جنوبی چھاؤنی اور اقبال ٹاؤن کے علاقوں میں خاتون سمیت3افراد نے گلے میں پھندہ ڈال کرزندگی کاخاتمہ کرلیا۔ بتایاگیاہے کہ باغبانپورہ کے علاقہ احمد ٹاؤن کی رہائشی تین بچوں کی ماں اسماء بی بی کاشوہر اسلم علی رکشہ چلاتا ہے جس سے گھرکاخرچہ نہیں چل رہاتھاجس سے اسماء بی بی اکثرپریشان رہتی تھی جس پر گزشتہ روز اسماء بی بی نے کمرہ میں جاکرپنکھے سے پھندہ ڈال کرخودکشی کرلی، اطلاع ملنے پرپولیس موقع پرپہنچ گئی، پولیس نے نعش کوقبضہ میں لیکرضروری کارروائی کے بعد ورثاکے حوالے کردیاہے۔ اسی طرح جنوبی چھاؤنی کے علاقہ میں بھٹہ چوک عارف آباد کارہائشی 35سالہ عبدلرزاق 3بچوں کاباپ تھااور موٹرمیکنک کاکام کرتاتھا۔اورگذشتہ چند دنوں سے کاروبار بند ہونے کی وجہ سے اکثر پریشان رہتا تھا گذشتہ رات اس کے گھر والے رشتہ داروں کے ہاں شادی کی تقریب میں گئے ہوئے تھے کہ اس نے گھر کی بالائی منزل پرجاکراس نے پھندہ لے لیا۔ورثاء نے واپس آکردیکھاتو عبدالرزاق کی نعش جھول رہی تھی ۔ اہل خانہ نے پولیس کوبتایاکہ متوفی ذہنی مریض تھا۔ پولیس نے نعش کوضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردیا۔ دریں اثناء اقبال ٹاؤن میں واقع نجف کالونی کا رہائشی 23 سالہ شہباز کی کسی بات پر اپنے والد سے جھگڑا ہو گیا ، جس کے بعد شہباز نے دلبر داشتہ ہو کر اپنے گھر میں پنکھے سے پھند ا لیکر خودکشی کر لی ، اطلاع ملنے پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو قبضہ میں لیکر کارروائی کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کر دی ،اقبال ٹاؤن پولیس کا کہنا ہے کہ متوفی شہباز کی 6 ماہ قبل شادی ہو ئی تھی اور وہ رکشہ چلاتا تھا ۔