ستوکتلہ : جوتوں کی دکان کے تہہ خانے سے سکیورٹی گارڈ کی لاش برآمد
لاہور(خبرنگار) ستوکتلہ علاقے میں جوتوں کے معروف برانڈ کی دکان کے تہہ خانے سے سیکیورٹی گارڈ کی لاش برآمد، پولیس نے جائے وقوعہ سے فنگر پرنٹس اور دیگر شواہد اکٹھے کرکے لاش پورسٹمارٹم کے لیے منتقل کر کے نامعلوم افراد کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر لیا۔تفصیلات کے مطابق ستوکتلہ کے علاقے واپڈا ٹاؤن پی آئی اے روڈ پر واقع جوتوں کے معروف برانڈ شو باکس کے تہہ خانے میں دکان میں کام کرنے والے سیکیورٹی گارڈ کی لاش دیکھ کر ملازمین نے پولیس کو اطلاع دی جس پر پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور نعش کو قبضہ میں لے کر مردہ خانے منتقل کردیا، پینتالیس سالہ سیکیورٹی گارڈ نصیر احمد کے سر میں گولی لگی ہوئی تھی۔پولیس کا کہنا ہے کہ فی الحال اس بات کا علم نہیں ہو سکا کہ واقعہ ڈکیتی مزاحمت، دیرینہ دشمنی یا خودکشی کے باعث پیش آیا، تاہم جائے وقوعہ سے فنگر پرنٹس اور دیگر شواہد اکٹھے کرلئے گئے ہیں اور مقتول کے بھائی کی درخواست پر نامعلوم افراد کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔