سپریم کورٹ: فاٹا کو کے پی میں ضم کرنے سے متعلق عمران خان کی درخواست پر اعتراضات مسترد،چیف جسٹس کا سماعت کیلئے مقرر کرنے کا حکم
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)سپریم کورٹ نے فاٹا کو کے پی میں ضم کرنے سے متعلق درخواست پر اعتراضات مسترد کرتے ہوئے سماعت کیلئے مقرر کرنے کا حکم دے دیا۔
نجی ٹی وی چینل سما نیوز کے مطابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے فاٹا کو کے پی میں ضم کرنے سے متعلق عمران خان کی درخواست کی ان چیمبر سماعت کی، عمران خان کی جانب سے بابر اعوان عدالت میں پیش ہوئے ۔
سپریم کورٹ نے عمران خان کی درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات مستردکرتے ہوئے درخواست کھلی عدالت میں سماعت کیلئے مقرر کرنے کا حکم دے دیا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل سپریم کورٹ نے سابق وزیراعظم کی نیب ریفرنسز یکجا کرنے کے حوالے سے درخواست کی سماعت کی تھی اور رجسٹرار آفس کے اعتراضات برقرار رکھتے ہوئے درخواست مسترد کردی تھی۔