سوائن فلو سے بچاؤ کیلئے جنگی بنیادوں پر کام کیا جائے ، تساہل کی گنجائش نہیں : عثمان بزدار

سوائن فلو سے بچاؤ کیلئے جنگی بنیادوں پر کام کیا جائے ، تساہل کی گنجائش نہیں : ...

  

لاہور ( این این آئی) وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے سوائن فلو سے بچاؤ کیلئے ہرممکن حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سوائن فلو سے شہریوں کو محفوظ رکھنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں،مرض سے بچا ؤکیلئے جنگی بنیادوں پر کام کیا جائے اور متعلقہ ادارے متحرک اور فعال انداز میں فرائض سرانجام دیں۔عثمان بزدار نے ہدایت کی کہ احتیاطی تدابیر کے ساتھ بھرپور آگاہی مہم بھی چلائی جائے،مطلوبہ ادویات کی وافر فراہمی کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے اور سوائن فلو کے مریضوں کے علاج معالجے پر مکمل توجہ دی جائے۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کو سوائن فلو سے بچانا متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے،اس ضمن میں تساہل کی کوئی گنجائش نہیں،اداروں کو چوکس رہ کر اپنی ذمہ داریاں نبھانا ہوں گی۔عثمان بزدار نے کہا کہ سوائن فلو کی روک تھام ، احتیاطی اقدامات اور علاج معالجے کے حوالے سے کئے جانے والے اقدامات کی ذاتی طور پر مانیٹرنگ کروں گا۔وزیراعلیٰ نے بہاولپور میں سوائن فلو سے خاتون کے جاں بحق ہونے کے حوالے سے محکمہ صحت سے رپورٹ طلب کر لی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پلوامہ حملے پر بھارتی پراپیگنڈے کے بعد وزیراعظم عمران خان کا جرتمندانہ پالیسی بیان قوم کے جذبات کی حقیقی ترجمانی کرتا ہے،وزیر اعظم عمران خان نے پاکستان کے اصولی موقف کو مدلل انداز میں دنیا کے سامنے رکھا ہے۔ انہوں نے اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پر بھارتی الزام تراشی بلاجواز ہے،بھارتی حکومت اپنی سیاسی ناکامیوں کا ملبہ پاکستان پر ڈالنے کی ناکام کوشش کر رہی ہے،بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں میں ملوث ہے،بھارتی واویلا حقائق مسخ کرنے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کا تحقیقات اور ثبوتوں کے بغیر پاکستان پر الزام لگانا انتہائی شرمناک ہے۔پاکستان کی طرف سے امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے،پاکستان کی پوری قوم متحد اور یکسو ہے۔ ہماری بہادر افواج پاک سر زمین کے دفاع کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں۔

مزید :

صفحہ اول -