رب کو گواہ بنا کر کہتا ہوں ایک روپے کی کرپشن کی نہ رشوت وصول کی ، عبد العلیم خان
لاہور(نمائندہ خصوصی )پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عبد العلیم خان نے کہا ہے اپنے رب کو گواہ بنا کر کہتا ہوں ایک روپے کی کرپشن کی اور نہ رشوت لی ،عہدے کو کبھی بھی اپنی ذات کے فائدے کیلئے استعمال نہیں کیا ۔ پروڈکشن آڈر پر پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عبد العلیم خان نے کہا (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی کے دوست گواہ ہیں میں نے کس طرح وزارت کے معا ملات چلائے ۔ میں قوم کے سامنے انکساری اور اس رب کی ذات جو شہ رگ کے بھی قریب ہے گواہ بنا کر کہتا ہوں میں نے ایک روپیہ بھی حر ا م نہیں کمایا ۔ میں نے کرپشن کی اور نہ ہی کبھی رشوت لی ، میں نے اپنے عہدے کو کبھی اپنی ذات کے فائدے کیلئے استعمال نہیں کیا بلکہ اپنا کار و بار ایمانداری سے کیا ۔گرفتاری کو نیب کی کارروائیوں کو بیلنس کرنے کی کارروائی کے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا مجھے انصاف کی امید ہے اور میں سر خرو ہوں گا۔قبل ازیں سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی سے رکن پنجاب اسمبلی عبدالعلیم خاں نے سپیکر چیمبر میں ملاقات کی اور پروڈکشن آرڈرزجاری کرنے پر سپیکر کا شکریہ ادا کیا۔ گزشتہ روزچودھری پرویز الٰہی نینیب حکام کو ہدایات جاری کی تھیں کہ پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے ان کی تحویل میں اراکین اسمبلی عبدالعلیم خاں اورخواجہ سلمان رفیق کو 20فروری 2019کو اسمبلی چیمبر میں پیش کیا جائے۔عبدالعلیم خاں سے ملاقات کے موقع پر سپیکر چیمبر میں ڈپٹی سپیکر سردار دوست محمد مزاری ، صوبائی وزیر قانون بشارت علی راجہ، صوبائی وزراء عمار یاسر اور چودھری ظہیر الدین بھی موجود تھے۔بعدازاں عبدالعلیم خاں اورخواجہ سلمان رفیق نے پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کی۔پروڈکشن آڈر پر پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں شریک ہونے والے حکومتی رکن اسمبلی عبد العلیم خان وزراء کی نشستوں پر براجمان رہے ۔نیب نے عبد العلیم خان کوآمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں گرفتار کر رکھا ہے اور ان دنوں وہ جسمانی ریمانڈ پر ہیں۔ سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی کی جانب سے حکومتی رکن اسمبلی عبد العلیم خان اور (ن) لیگ کے رکن اسمبلی خواجہ سلمان رفیق کی شرکت کیلئے پروڈکشن آڈر جاری کئے تھے ۔ عبد العلیم خان کی اسمبلی آمد پر سینیٹر شہزاد وسیم، صوبائی وزراء اور اراکین اسمبلی نے ان کا استقبال کیا ۔ایوان میں آمد پر عبد العلیم خان صوبائی وزراء کی نشستوں پر بیٹھے رہے ۔ عبد العلیم خان نیب کے ہاتھوں گرفتاری کے بعد سینئر صوبائی وزیر کے عہدے سے مستعفی ہو چکے ہیں۔