تعلیم و سکل ڈیولپمنٹ حکومتی ترجیحات میں شامل ہیں،شفقت محمود

تعلیم و سکل ڈیولپمنٹ حکومتی ترجیحات میں شامل ہیں،شفقت محمود

  

اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود سے بیرونس سعید وارثی نے ملاقات کی ۔ملاقات میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے اوور سیز پاکستانی زلفی بخاری بھی شریک تھے۔ملاقات میں پاکستان میں تعلیم اور سکل ڈیولپمنٹ اور اسکے فروغ کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔وفاقی وزیر تعلیم نے کہاکہ تعلیم اور سکل ڈیولپمنٹ اس حکومت کی اولین ترجیحات میں سے ہے۔ وفاقی وزیر تعلیم نے کہا تعلیم کے شعبے میں مختلف چیلنجز کا سامنا ہے، تمام چیلنجز کے حل کیلئے وفاقی وزارت تعلیم نے پالیسی وضع کی ہے اور اس پر کام شروع کر دیا ہے جس کے ثمرات بہت جلد ملنا شروع ہو جائینگے۔ تعلیم کے فروغ کیلئے صوبوں سے ملکر کام کر رہے ہیں۔ شرح خواندگی کو بڑھانے کیلئے قومی سطح پر پروگرام متعارف کریں گے۔ سکل ڈیویلپمنٹ کیلئے سکول سی ہی پیشہ ورانہ تعلیم متعارف کرا رہے ہیں اور اسلام آباد میں سکل یونیورسٹی قائم کی گئی ہے۔ وزارت تعلیم اور اسکے محکموں کو مو ثر بنانے کے لیے اسکی تنظیم نو کر رہے ہیں۔اس موقع پر بیرونس وارثی نے تعلیم اور سکل ڈیولپمنٹ کے شعبے میں کی گئی حکومتی اقدامات کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ ٹیکنیکل ایجوکیشن کے میدان میں حکومت کوپاکستانی اور باہر کی یونیورسٹیز کے درمیان روابط قائم کرنے چاہیے۔ پیشہ ورانہ تعلیم کے لیے ضروری ہے کہ مختلف ہنر کیلئے سرٹیفکیٹ ہو جسے باہر کے ممالک بھی قبول کرے۔ سکول اور یونیورسٹی لیول پر نصاب میں مذہبی آزادی اور ہم آہنگی پر مزامین شامل کرنے چاہیے۔وفاقی وزیر تعلیم نے قیمتی آراء پر بیرونس سیدہ وارثی کا شکریہ ادا کیا اور انکو عملی جامعہ پہنانے کی یقین دہانی کرائی ، بعد ازاں نیشنل ٹریننگ بورڈ کے22 ویں اجلاس سے خطاب میں وزیر تعلیم کا کہنا تھا فنی تعلیم کے حوالے سے متعدد منصوبوں پرکام جاری ہے اور حکومت چین کے اشتراک سے نئے ٹریننگ پروگرام کا آغاز جلد کرے گی،چین ہمیں اس شعبے میں مدد دینا چاہتا ہے۔ وفاقی وزیر تعلیم کو نیشنل ٹریننگ بیورو کے مسائل سے بھی آگاہ کیا گیا۔وزیر تعلیم نے کہا کہ ورکرز کے تمام مسائل کو حل کیا جائے گا اور ان کو تنخواہیں بھی ادا کی جائیں گی۔وزیر تعلیم نے بورڈ کے مسائل حل کرنے کیلئے تین رکنی کمیٹی بھی تشکیل دی۔کمیٹی کو آئندہ اجلاس سے قبل مکمل تفصیلات بھی پیش کرنے کا حکم دیا گیا۔

وزیر تعلیم

مزید :

صفحہ آخر -