ہر حکومتی عمل میں اپوزیشن کو جمہوریت خطرے میں نظر آتی ہے، اسد عمر

ہر حکومتی عمل میں اپوزیشن کو جمہوریت خطرے میں نظر آتی ہے، اسد عمر

  

اسلام آباد(این این آئی)وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے کہاہے کہ حکومت کے ہرعمل میں اپوزیشن کو جمہوریت خطرے میں نظر آتی ہے۔ بدھ کو یہاں ایوارڈ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرخزانہ اسد عمر نے کہا کہ عوام کے ٹیکس کے پیسوں سے نظام چلتا ہے، اور عوام کا حق ہے کہ ٹیکس کا پیسہ ان کی فلاح کیلئے خرچ ہو، لیکن بدقسمتی سے ماضی میں عوام کا ٹیکس کے پیسے سے بیرون ملک جائیدایں خریدی گئیں، اور جب انہیں چور اور ڈاکو کہا جائے تو کہتے ہیں ان کا لہجہ مہذب نہیں۔ بیٹی کے رشتے کیلئے اتنے سوال نہیں پوچھے جاتے جتنے ایف بی آر پوچھتا ہے، قومی اسمبلی میں آنے والے لوگوں کی گاڑیاں اور ان کے گوشوارے دیکھیں جائیں تو کسی کو سوال پوچھنے کی ضرورت نہیں پڑیگی۔ قومی خزانہ لوٹنے والوں کو ڈاکو نہ کہیں تو اور کیا کہیں؟، حکومت کے ہر عمل میں اپوزیشن کو جمہوریت خطرے میں نظر آتی ہے، ان کیخلاف کوئی کارروائی ہوتو جمہوریت خطرے میں آجاتی ہے لیکن اب نیا پاکستان دکھائی دینا شروع ہو گیا ہے، ٹیکس نہیں دے رہا اس کیلئے گھیرا تنگ ہونا چاہیے، عوام کا پیسہ چوری کرنیوالوں سے کوئی رعایت نہیں ہوگی انہیں پکڑا جائیگا اور ان سے حساب ہوگا۔ حکومت دائرہ کاروسیع کرنے کیلئے ٹیکس نظام میں آسانیاں پیدا کررہی ہے، ایف بی آر کے تمام قوانین انگریزی میں ہیں، اردو میں ہونے چاہئیں، ایف بی آر ٹیکس کا نظام آسان بنائے کیوں کہ جو ٹیکس دینا چاہتے ہیں اْن کیلئے آسانی پیدا کرنی چاہئیں۔

مزید :

صفحہ آخر -