پاکستان میں دیگر مذاہب کے عوام کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے ،پیر نور الحق قادری

پاکستان میں دیگر مذاہب کے عوام کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے ،پیر نور الحق ...

  

لاہور (این این آئی) وفاقی وزیر برائے مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کے مطابق دیگر مذاہب کے مقدس مقامات پر تعلیم ،صحت ،اور دیگر فلاحی خدمات فراہم کی جائیں گی ،بابا گورو نانک دیو جی کے 550ویں جنم دن کی تقریبات شایان شان طریقہ سے منائی جائیں گی ۔یہ باتیں انہوں نے پاکستان سکھ گورو دواہ پر بندھک کمیٹی اور پاکستان ہندو ویلفیئر کونسل کے اجلاس کے بعد ممبران سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہیں ۔اجلاس میں پاکستان بھر سے سکھ اور ہندو مذاہب کے نمائندوں نے شرکت کی ۔وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ پاکستان میں بسنے والے دیگر مذاہب کے عوام کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے اور انکی عبادت گاہیں ہمارے لیے انتہائی قابل احترام ہیں ، متروکہ وقف املاک بورڈ پاکستان میں سکھ اور ہندو مذہب کی عبادت گاہوں کی سیکورٹی اور تزئین آرائش کے لیے بہترین اقدامات کر رہا ہے ،، پردھان سردارتارا سنگھ وفاقی وزیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں بسنے والی سکھ قوم کو پاکستانی ہونے پر فخر ہے ۔ہم پر امید ہیں کہ بابا گورو نانک دیو جی کے جنم دن کے موقع پر پوری دنیا سے سکھ قوم پاکستان آئے گی جو کہ مذہبی سیاحت کے فروغ کے لیے ایک مثبت عمل ہے ۔ہندو ویلفیئر کونسل کے ڈاکٹر منور چان و دیگر نے بھی وفاقی وزیر کا شکریہ ادا کیا اور اقلیتوں کے خدمت کے لیے مکمل اعتماد کا اظہا ر کیا ،مزید چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈنے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ متروکہ وقف املاک بورڈ اقلیتوں کے خدمت کے لیے دن رات کوشاں ہے یہی وجہ ہے کہ بھارت سمیت بیرون ملک سے آنے والے ہندو اور سکھ یاتری یہاں سے محبتیں سمیٹتے واپس جاتے ہیں ۔سیکرٹری متروکہ وقف املاک بورڈ طارق وزیر نے کہا کہ اس بار بابا گورو نانک دیو جی کے جنم دن کو شایان شان طریقہ سے منانے کے لیے تمام تر انتظامات پاکستان سکھ گورو دوارہ پر بندھک کمیٹی کی مشاورت سے کیے جا رہے ہیں ،بورڈ کے زیر کنٹرول گورو دواروں اور مندروں میں ترقیاتی کام کروائے جا رہے ہیں ۔جنم استھان ننکانہ صاحب کی تزئین و آرائش کے ساتھ ساتھ یاتریوں کی مہمان نوازی کیلئے دیگر ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں ۔

نور الحق قادری

مزید :

صفحہ آخر -