پی ایس ایل میچز کی سکیورٹی کے فول پروف انتظامات بنانے کیلئے احکامات جاری

پی ایس ایل میچز کی سکیورٹی کے فول پروف انتظامات بنانے کیلئے احکامات جاری

  

لاہور (کرائم رپورٹر)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب، امجد جاوید سلیمی نے لاہور میں 8مارچ سے 13مارچ تک شروع ہونے والے پی ایس ایل 4کے میچز کے دوران سیکیورٹی، ٹریفک اور مانیٹرنگ کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے لاہور پولیس کی طرف سے دی گئی ڈیمانڈ کے مطابق احکامات جاری کر دئیے ہیں۔ احکامات کے مطابق، 13اضلاع سے تعلق رکھنے والے2500اہلکاروں کی خدمات کوسیکیورٹی ڈیوٹی کے لیے لاہور پولیس کے سپرد کر دیا گیا ہے جبکہ ایلیٹ پولیس فورس کی 125ٹیمیں اپنی گاڑیوں سمیت فراہم کر دی گئی ہیں اور سنائپر چیکنگ کے لیے 10پیئرز بھی ایلیٹ فورس سے لاہور پولیس کے ڈسپوزل پر دئیے گئے ہیں۔ پی ایس ایل کے میچز کے دوران ٹریفک کے بہاؤ کو مستقل بنیادوں پر یقینی بنانے اور عام شہریوں کو روز مرہ معمولات زندگی کو جاری رکھنے کے لیے 5ایس پی رینک کے افسروں کی خدمات سی ٹی او لاہورکے سپرد کر دی گئی ہیں جبکہ 10ڈی ایس پی صرف اور صرف مہمانوں کی آمدورفت والے راستوں اور پارکنگ ڈیوٹی سر انجام دیں گے۔ اسی طرح 30سینئر ٹریفک وارڈنز کی اضافی خدمات بھی دوسرے اضلاع سے سی ٹی او لاہور کو دے دی گئی ہیں اور اس کے علاوہ 400تربیت یافتہ ٹریفک اہلکاراور وارڈن بھی پی ایس ایل کے دوران سی ٹی او لاہور کی زیر نگرانی ڈیوٹی سر انجام دیں گے۔ امجد جاوید سلیمی نے پی ایس ایل کے دوران کرکٹ شائقین کے تحفظ کو مزید یقینی بنانے کے لیے سپیشل برانچ لاہور کے مطالبے کے مطابق 3سمارٹ ویرفکیشن اینڈ الرٹ سسٹم (SVAS)بھی فراہم کرنے کے احکامات جاری کر دئیے گئے ہیں تا کہ مہمانوں کے کارڈز کی تیاری، شناختی کارڈز اور دیگر دستاویزات کی ویرفکیشن بھی با آسانی کی جاسکے۔ آئی جی پنجاب نے لاہور پولیس اور ٹریفک پولیس کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر انہیں مزید کسی قسم کی مزید نفری اور اضافی ریسورسز درکار ہوں تو وہ بھی انہیں فراہم کر دئیے جائیں گے تا کہ میچ کے دوران کرکٹ شائقین اس صحت مندانہ تفریحی سرگرمی سے بھرپور طریقے سے لطف اندوز ہو سکیں۔

مزید :

علاقائی -