چارسدہ کے عوام کو صحت، تعلیم، بیو ٹیفکیشن کی مد میں میگا پراجیکٹ کی خوشخبری ملے گی : سلطان محمد خان
پشاور( سٹاف رپورٹر)خیبر پختونخوا کے وزیر قانون و پارلیمانی امور سلطان محمد خان نے کہا ہے کہ ضلع چارسدہ کے عوام کو صحت تعلیم اور اس کے اربن علاقوں کی بیوٹیفیکیشن کی مد میں بہت جلد میگا پراجیکٹس کی خوشخبری ملے گی اور یکم مارچ کے بعد’’ مدر اینڈ چائلڈ ہیلتھ ہسپتال رجڑ ‘‘کا باقاعدہ افتتاح بھی کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار وزیر قانون نے ضلع چارسدہ میں نو تعمیر’’ مدر اینڈ چائلڈ ہیلتھ ہسپتال رجڑ‘‘ سے متعلق چار سدہ میں انہیں دی گئی بریفننگ کے دوران کیا ۔ اس موقع پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ اینڈ پروجیکٹ ڈائریکٹر فرہاد خان نے ہسپتال کے کانفرنس روم میں مذکورہ ہسپتال سے متعلق بریفننگ دی۔وزیر قانون کو بتایا گیا کہ ہسپتال میں تقریبا تمام کام مکمل ہوچکا ہے اور یکم مارچ کے بعد باقاعدہ فعال ہونے کے لئے تیار ہوگا تاہم اس وقت ہسپتال میں ڈاکٹروں اور میڈیکل ٹیکنیشنزاور فنڈز کے کچھ مسائل درپیش ہیں جس پر وزیر قانون نے بتایا کہ ڈاکٹروں اور دیگر سٹاف کی خالی اسامیوں کے ساتھ ساتھ معاشی مسئلہ بہت جلد ترجیحی بنیادوں پر حل کر دیا جائے گا اور اگلے مہینے میں ہسپتال میں طبی سہولیات شروع ہو جائیں گی۔ بریفننگ کے بعد وزیر قانون نے کہا کہ’’ مدر اینڈ چائلڈ ہیلتھ ہسپتال رجڑ‘‘ چارسدہ کے عوام کے لیے تحفہ ہے انہوں نے کہاکہ ہسپتال کی تعمیر کا کریڈٹ گزشتہ پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت کو جاتا ہے جس نے اس پراجیکٹ کو سنجیدہ لے کر فنڈز رجاری کئے اور آج یہ بڑا پروجیکٹ عوام کی خدمت کے لئے پایا تکمیل تک پہنچنے والا ہے انہوں نے مزید کہا کہ اس ہسپتال سے نہ صرف چارسدہ کے عوام بلکہ ملحقہ علاقوں اور اضلاع کے عوام بھی مستفید ہونگے وزیر موصوف نے یہ بھی کہا کہ پچھلی حکومتوں میں ضلع چارسدہ کے عوام محرومیوں سے دوچار رہے لیکن اب انشاء اللہ موجودہ حکومت صوبے کی ترقی میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی اور ترقی میں دوسرے بڑے اضلاع کی برابری پر لائیں گے اس موقع پر وزیر قانون نے بتایا کہ بہت جلد چارسدہ کے عوام کو صحت تعلیم اور چارسدہ میں شہری علاقوں میں بیوٹیفیکیشن کے حوالے سے میگا پراجیکٹس کی خوشخبری سناؤں گا انہوں نے یہ بھی کہا کی سیاسی اختلافات اپنی جگہ لیکن اب وقت کی ضرورت ہے کہ باہمی اشتراک سے ضلع کے عوام کی خدمت کی جائے۔ انہوں نے ہسپتال کے متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کرتے ہوئے تاکید کی کہ دن رات کام کرکے اگلے ماہ میں ہسپتال کے افتتاح کو یقینی بنایا جائے وزیر قانون نے ہسپتال کی مختلف سیکشنز اور جدید مشینری کا معائنہ بھی کیا اس موقع پر صوبائی اراکین اسمبلی خالد خان، فضل شکور خان،شکیل خان ڈپٹی کمشنر چارسدہ اور ڈی ایچ کیو چارسدہ کے افسران بھی موجود تھے۔