گلگت بلتستان کے لوگوں کی پی ٹی آئی میں شمولیت

گلگت بلتستان کے لوگوں کی پی ٹی آئی میں شمولیت
گلگت بلتستان کے لوگوں کی پی ٹی آئی میں شمولیت

  

دبئی (ویب ڈیسک) گزشتہ دنوں گلگت بلتستان کے متعدد لوگوں نے پاکستان تحریک انصاف میں باقاعدہ شمولیت کا اعلان کیا۔ دبئی میں منعقدہ تقریب میں پی ٹی آئی دبئی کے صدر عرفان افسر اعوان اور پی ٹی آی کراچی کے ایس وی پی زارا خان نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب کا اہتمام پی ٹی آئی گلگت بلتستان کے پروفیسر محمد میر اور انجینئر اختر حسین بوٹو نے کیا تھا جس میں جمشید فاضل انوارالحق ڈوگر، محمد ثقلین، راجہ خیال الحق، رضوان الحسن، امتیاز بھٹہ، سلطان خٹک اور انجینئر ساجد علی اور پی ٹی آئی کے دیگر کارکنوں نے شرکت کی۔

پی ٹی آئی میں شمولیت کی اس تقریب کے دوران مقررین نے تقاریر کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت عمران خان کی سربراہی میں عوامی امنگوں پر بھرپور اتررہی ہے۔ حکومت نے پاکستان اور عوام کی خوش حالی کے لئے جو پالیسیاں بنائی ہیں وہ مستقبل میں اپنا اثر دکھائیں گی۔ ملک میں خوش حالی اور ترقی کا دور دورہ ہوگا جس سے عوام کو ریلیف ملے گا۔

اس موقع پر عرفان افسر اعوان نے پی ٹی آئی جوائن کرنے والے نئے کارکنوں کو خوش آمدید کہا جبکہ نئے کارکنوں نے ایک ساتھ مل کر چلنے کا عہد کیا۔ پروفیسر محمد میر نے کہا کہ وہ عمران خان کے ویژن کو آگے بڑھائیں گے۔ انجینئر اختر حسین نے کہا کہ وہ گلگت بلتستان اور خاص طور پر اپنے علاقہ روندہ میں پی ٹی آئی کو مضبوط کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کریں گے اور پی ٹی آئی کو مضبوط کریں گے۔

پی ٹی آئی کراچی کی ایس وی پی زارا خان نے کہا کہ دبئی میں مقیم گلگت اور بلتستان کے لوگوں کا پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کرنا خوش آئندہ ہے اور اس بات کی علامت ہے کہ پی ٹی آئی اب بھی لوگوں کی مقبول جماعت ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان میں ہر فورم پر گلگت بلتستان ان کے حق میں آواز بلند کریں گے۔

مقررین نے مزید کہا کہ عمران خان کو ویژن کے مطابق گلگت بلتستان کو آئینی حقوق کی فراہمی کے سلسلہ میں ہر ممکن کوشش کی جائے گی جبکہ اس علاقہ کے لوگوں کے بنیادی حقوق کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔ اس موقع پر اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ متحدہ عرب امارات میں پی ٹی آئی کو مضبوط کیا جائے گا اور زیادہ سے زیادہ لوگوں کو اس میں شامل کیا جائے گا۔ تقریب کے آخر میں عرفان افسر اعوان نے پروفیسر محمد میر اور انجینئر اختر حسین بوٹو کا تقریب منعقد کرنے اور نئے ساتھیوں کو پی ٹی آئی میں شامل کرانے پر شکریہ ادا کیا۔

مزید :

عرب دنیا -