سام سنگ نے S10+,S10 اور S10e دنیا کے سامنے پیش کر دئیے، تمام فیچرز اور قیمت جانئے

سام سنگ نے S10+,S10 اور S10e دنیا کے سامنے پیش کر دئیے، تمام فیچرز اور قیمت جانئے
سام سنگ نے S10+,S10 اور S10e دنیا کے سامنے پیش کر دئیے، تمام فیچرز اور قیمت جانئے

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) کئی مہینوں کے انتظار کے بعد سام سنگ نے بالآخر گلیکسی سیریز کے نئے سمارٹ فونز S10, S10e اور +S10 متعارف کرا دئیے ہیں جنہیں اب تک کے سب سے بہترین سمارٹ فونز کہا جائے تو کچھ غلط نہ ہو گا کیونکہ ان کے ڈیزائن اور فیچرز انتہائی شاندار ہیں۔ تینوں ماڈلز میں پاور شیئر ریورس وائرلیس چارجنگ، نئے فرنٹ کیمرے، ایچ ڈی آر +10 کومپیٹیبل ڈائنامک ایمولیڈ ڈسپلے اور سنیپ ڈریگون کے علاوہ زائنوز چپ سیٹس لگائی گئی ہیں۔

Galaxy S10e

گلیکسی S10e قیمت کے اعتبار سے سب سے سستا ماڈل ہے جس کا ڈسپلے فلیٹ ہے اور سکرین سائز 5.8 انچ ہے، اس میں فنگرپرنٹ سکینر سائیڈ پر لگایا گیا ہے جبکہ پچھلی جانب دو کیمرے نصب ہیں۔

گلیکسی S10e کو 6 اور 8 جی بی ریم کیساتھ فروخت کیلئے پیش کیا جائے گا جس کی سٹوریج 128 یا 256 جی بی ہو گی تاہم میموری کارڈ کے ذریعے اسے 512 جی بی سے بھی زیادہ بڑھایا جا سکے گا۔ یہ فون بہترین آواز کیلئے سٹیریو سپیکرز سے لیس ہے جبکہ فرنٹ سائیڈ پر 10 میگا پکسل کا سپر سپیڈ ڈوئل پکسل اے ایف کیمرہ ہے جس کا اپرچر سائز 1.9 ہے۔

فون کی پچھلی جانب 12 میگاپکسل کا وائیڈ اینگل اور 16 میگاپکسل کا الٹرا وائیڈ کیمرہ نصب ہے جس کے ذریعے 8x تک ڈیجیٹل زوم کیا جا سکتا ہے۔ اس میں 3100 ایم اے ایچ کی بیٹری نصب کی گئی ہے جبکہ فاسٹ وائرلیس چارجنگ کے علاوہ ریورس وائرلیس چارجنگ کا فیچر بھی شامل ہے۔

Galaxy S10

گلیکسی S10 کا سکرین سائز 6.1 انچ ہے جبکہ اس میں الٹراسونک فنگرپرنٹ سکینر ہے جو سکرین کے اندر نصب کیا گیا ہے اور پچھلی جانب تین کیمرے لگائے گئے ہیں۔ اسے 8 جی بی ریم کیساتھ فروخت کیلئے پیش کیا جائے گا جبکہ 128 اور 512 جی بی سٹوریج ہو گی جسے میموری کارڈ کے ذریعے 512 جی بی سے بھی زیادہ بڑھایا جا سکے گا۔

فون کی فرنٹ سائیڈ پر 10 میگاپکسل کا سپر سپیڈ ڈوئل پکسل اے ایف کیمرہ نصب کیا گیا ہے جس کا اپرچر سائز 1.9 ہے جبکہ پچھلی جانب 12 میگاپکسل ڈوئل او آئی ایس ٹیلی فوٹو، 12 میگا پکسل کا وائیڈ اینگل سپر سپیڈ ڈوئل پکسل اور 16 میگاپکسل کا الٹرا وائیڈ اینگل کیمرہ نصب ہے جن کا اپرچر سائز بالترتیب 2.2,2.4,2.4 ہے۔

3400 ایم اے ایچ کی بیٹری کے حامل اس فون میں فاسٹ وائرلیس چارجنگ اور ریورس وائرلیس چارجنگ فیچر کے علاوہ سام سانگ اڈاپٹیو فاسٹ چارجنگ بھی دستیاب ہے جبکہ الٹراسانک فنگرپرنٹ سینسر نصب کرنے کے علاوہ دل کی دھڑکن معلوم کرنے والا سینسر بھی نصب کیا گیا ہے۔

+Galaxy S10

گلیکسی +S10 ان دونوں ماڈلز کا بڑا ’بھائی‘ ہے جس کا سکرین سائز 6.4 انچ ہے اور سکرین کے اندر فنگرپرنٹ سکینر نصب کیا گیا ہے جبکہ اگلی جانب 2 اور پچھلی جانب 3 کیمرے نصب کئے گئے ہیں۔ اسے 8 جی بی اور 12 جی بی ریم کیساتھ فروخت کیلئے پیش کیا جائے گا جبکہ اس کی سٹوریج 128,512 اور 1 ٹی بی ہو گی جسے میموری کارڈ کے ذریعے 512 جی بی سے بھی زیادہ بڑھایا جا سکے گا۔

فرنٹ سائیڈ پر بھی دو کیمرے نصب ہیں جن میں سے ایک 10 میگا پکسل کا سپر سپیڈ ڈوئل پکسل اے ایف ہے اور اس کا اپرچر سائز 1.9 ہے جبکہ 8 میگاپکسل کا آر جی بی ڈیپتھ کیمرہ نصب ہے جس کا اپرچر سائز 2.2 ہے، یہ کیمرہ مناظر کو حقیقت کے قریب تر بنانے کیلئے مختلف چیزوں کو مزید گہرائی کیساتھ پرکھتا ہے جس کے نتیجے میں تصاویر انتہائی شاندار بنتی ہے۔

فون کی پچھلی جانب 12 میگاپکسل ڈوئل او آئی ایس ٹیلی فوٹو، 12 میگا پکسل کا وائیڈ اینگل سپر سپیڈ ڈوئل پکسل اور 16 میگاپکسل کا الٹرا وائیڈ اینگل کیمرہ نصب ہے جن کا اپرچر سائز بالترتیب 2.2,2.4,2.4 ہے جس سے اندازہ کیا جا سکتا ہے کہ اس فون سے لی گئی تصاویر انتہائی شاندار ہوں گی۔

سکرین سائز بڑا اور ریم زیادہ ہونے کے باعث اس میں بیٹری بھی 4100 ایم اے ایچ کی نصب کی گئی ہے جبکہ اس میں فاسٹ وائرلیس چارجنگ اور ریورس وائرلیس چارجنگ فیچر کے علاوہ سام سانگ اڈاپٹیو فاسٹ چارجنگ بھی دستیاب ہے جبکہ الٹرا سانک فنگرپرنٹ سینسر کیساتھ دل کی دھڑکن پرکھنے والا سینسر بھی نصب کیا گیا ہے۔

ان تینوں فونز میں اینڈرائڈ کا تازہ ترین ورژن ’اینڈرائڈ پائی‘ استعمال کیا گیا ہے جسے سام سنگ نے اپنے ’ون یو آئی‘ کیساتھ مزید بہتر بنایا ہے جبکہ تینوں میں گلیکسی S8 کی طرح وائس اسسٹنٹ ”بگزبی“ کیلئے مخصوص بٹن بھی دیا گیا ہے تاہم اس کا ورژن 2.0 ہے اور اس میں پچھلے ورژن کی نسبت کافی بہتری لائی گئی ہے۔

سال 2019ءکو مدنظر رکھتے ہوئے ان ماڈلز کے فیچرز کو حیران کن نہیں کہا جا سکتا کیونکہ تمام لوگ ہی توقع کر رہے تھے کہ سام سنگ اپنے مداحوں کو خوش کرنے کیلئے جدید ترین فیچرز مہیا کرے گی تاہم ’کروڈ ڈسپلے‘ کے علاوہ S10e میں فلیٹ ڈسپلے مہیا کر کے کمپنی نے سب کو حیران ضرور کیا ہے کیونکہ گلیکسی S7 کے بعد کمپنی نے گلیکسی سیریز کے سمارٹ فونز میں فلیٹ ڈسپلے نہیں دیا تھا۔

سام سنگ نے گلیکسی S10 کا 5G ورژن لانچ کرنے کا اعلان بھی کیا ہے جس کے فیچرز تو گلیکسی S10+ جیسے ہی ہیں مگر اس کا سکرین سائز 6.7 انچ ہے جبکہ اس کی بیٹری بھی 4500 ایم اے ایچ ہو ہے جبکہ اس کی ایک اور خاص بات ’تھری ڈی دیپتھ کیمرہ‘ ہے جسے تھری ڈی تصاویر، لائیو فوکس اور اے آر جیسے فیچرز استعمال کرنے کیلئے نصب کیا گیا ہے۔

قیمت

تینوں سمارٹ فونز کے آن لائن آرڈرز 21فروری سے وصول کرنا شروع کر دئیے جائیں گے اور 8 مارچ کو مارکیٹ میں فروخت کیلئے پیش کیا جائے گا جبکہ آن لائن آرڈر کرنے والے افراد کو مارکیٹ میں آنے سے پہلے ہی یہ فون مل جائیں گے۔ کمپنی کے مطابق گلیکسی S10e کی 128 جی بی سٹوریج کیساتھ قیمت 749 ڈالر (ایک لاکھ 4 ہزار 725 پاکستانی روپے) اور 256 جی بی سٹوریج کیساتھ 849 ڈالر (ایک لاکھ 18 ہزار 707 پاکستانی روپے) ہو گی۔

گلیکسی S10 کی 128 جی بی سٹوریج کیساتھ قیمت 899 ڈالر (ایک لاکھ 25 ہزار 836 پاکستانی روپے) اور 512 جی بی سٹوریج کیساتھ قیمت 1499 ڈالر (2 لاکھ 9 ہزار 728 پاکستانی روپے) ہو گی۔

اسی طرح گلیکسی +S10 کی 128 جی بی سٹوریج کیساتھ قیمت 999 ڈالر (ایک لاکھ 39 ہزار 680 پاکستانی روپے)، 512 جی بی سٹوریج کیساتھ 1249 ڈالر (ایک لاکھ 74 ہزار 635 پاکستانی روپے) اور ایک ٹی بی سٹوریج کیساتھ 1599 ڈالر (2 لاکھ 23 ہزار 572 پاکستانی روپے) ہو گی۔

مزید :

سائنس اور ٹیکنالوجی -