لیسکو کی تمام ڈویژنز میں سیفٹی سیمینار کرائے جائیں،مجاہد پرویز

لیسکو کی تمام ڈویژنز میں سیفٹی سیمینار کرائے جائیں،مجاہد پرویز

  



لاہور(پ ر)چیف ایگزیکٹو لیسکو مجاہد پرویز چٹھہ کی ہدایات پر لیسکو کے تمام سرکلز میں لائن اسٹاف کی رہنمائی کے لئے سیفٹی سیمیناروں کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ لیسکو چیف مجاہد پرویز چٹھہ نے تمام سرکلز کے ایس ایز کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس بات کو سو فیصد یقینی بنایا جائے کہ تمام ڈویژنز میں ایک گھنٹے پر محیط سیفٹی سیمینار کروایا جائے گا جہاں متعلقہ افسران لائن اسٹاف کو سیفٹی سے متعلق لیکچر دیں گے تاکہ لیسکو ریجن میں سیفٹی کلچر کو فروغ دیا جاسکے۔ چیف ایگزیکٹو کا کہنا تھا کہ افسران کی ذمہ داری ہے کہ وہ لائن ا سٹاف کو کام کرنے سے قبل حفاظتی تدابیر پر سختی سے عمل کرائیں اور 11Kvلائن کے لیئے پرمٹ ٹو ورک، لائنوں کی دونوں جانب ارتھ اور حفاظتی آلات کے بغیر ہرگز کام نہ کرنے دیں۔چیف ایگزیکٹو لیسکو مجاہد پرویز چٹھہ نے لائن اسٹاف کے لئے اپنے پیغام میں کہا کہ حد سے زیادہ خود اعتمادی، جلد بازی اور فراہم کیے گئے حفاظتی آلات کے استعمال نہ کرنے کے باعث حادثات رونما ہوتے ہیں جس کے تدارک کے لئے ضروری ہے کہ سیفٹی کے تمام اصولوں پر عمل درآمد کیا جائے، تمام لائن مین کام سے پہلے پرمٹ ضرور لیں اور جہاں پر ذرا سا بھی خطرہ ہو یا 11Kv کے نزدیک کام کرنا پڑے تو وہاں قطعی طور پر بھی رسک نہ لیا جائے۔چیف ایگزیکٹو کا کہنا تھا کہ لائن سٹاف کے لئے ٹی اینڈ پی کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ لیسکو کی جانب سے لائن پر کام کرنے والے اسٹاف کی سیفٹی سے متعلق وقتاً فوقتاً سیفٹی کانفرنسز اور سیمنار کا انعقاد کیا جاتا رہا ہے تاکہ لیسکو کے تمام سرکلز کے ملازمین سیفٹی سے متعلق تمام ہدایات اور ان پر عمل درآمد نہ کرنے کی صورت میں ہونے والے حادثات سے آگاہ رہیں تاکہ مستقبل میں کسی بھی جان لیوا حادثے سے بچا جا سکے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1