پاکستان میں امن کیلئے جانیں نچھاور کرنیوالے قوم کے ہیروہیں،عثمان بزدار

پاکستان میں امن کیلئے جانیں نچھاور کرنیوالے قوم کے ہیروہیں،عثمان بزدار

  



لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہا ہے کہ وطن عزیز کو امن کا گہوارہ بنانے کیلئے اپنی جانیں نچھاور کرنیوالے قوم کے ہیرو ہیں، شہیدوں کی قربانیوں کے باعث ہم پرامن فضاء میں سانس لے رہے ہیں اورقوم کو بہادر سپوتوں کی عظیم قربانیوں پر ناز ہے،پوری قوم شہید عبداللہ اوردیگر شہدا کو سلام پیش کرتی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بارتھی میں شہید لانس نائیک عبداللہ کی نماز جنازہ میں شرکت کے موقع کیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے شہید لانس نائیک عبداللہ کی عظیم قربانی کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے شہیدکے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے شہید لانس نائیک عبداللہ کے خاندان سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہاکہ شہید عبداللہ نے اپنی جان وطن عزیز کیلئے قربان کرکے جرات او ربہادری کی شاندار مثال قائم کی۔بعدازاں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے بہاولپور ڈویژن کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی، ارکان اسمبلی نے اپنے حلقوں کی ترقیاتی سکیموں اور آئندہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کیلئے تجاویز دیں۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے مختلف محکموں میں ضلعی سطح پر افسروں اور سٹاف کی کمی جلد از جلد دور کرنے کیلئے اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پولیس میں منظور شدہ خالی آسامیوں پر بھرتی کی اجازت دے دی ہے،پولیس کی نفری پورا ہونے سے امن عامہ کی صورتحال بہتر ہوگی جبکہ پولیس کو جلد گاڑیاں بھی فراہم کریں گے۔انہوں نے کہا کہ تاریخ میں پہلی بار جنوبی پنجاب کے عوام کی خوشحالی کیلئے ترقیاتی بجٹ کا 35فیصدمختص کیاگیا جبکہ جنوبی پنجاب کے فنڈز کسی اور علاقے یا منصوبے کیلئے استعمال کرنے پر پابندی لگا دی۔ سابق دور میں پسماندہ علاقوں کو جان بوجھ کر ترقی کے سفر سے محروم رکھا گیا جبکہ تحریک انصاف کی حکومت نے دور دراز علاقوں کی ترقی پر فوکس کیا ہے۔انہو ں نے کہا کہ بہاولپور ڈویژن کے اضلاع کو موٹروے سے منسلک کرنے کیلئے رابطہ سڑکیں بنائی جائیں گی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ رواں سال بھی پنجاب میں گندم کے کاشتکاروں کے حقوق کا تحفظ کریں گے۔کسانوں کو ان کی محنت کا پورا معاوضہ پہلے بھی دیا، آئندہ بھی دیں گے۔

سردارعثمان بزدار

مزید : صفحہ اول