برآمدات میں کمی سے کوئی بھی ملک نہیں چل سکتا، گورنر سٹیٹ بینک

    برآمدات میں کمی سے کوئی بھی ملک نہیں چل سکتا، گورنر سٹیٹ بینک

  



اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)گورنر سٹیٹ بینک رضا باقر نے ملک کی موجودہ معیشت کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری برآمدات کا تناسب بہت کم ہے اور اس طرح کوئی بھی ملک نہیں چل سکتا۔سی ای او سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سٹیٹ بینک رضا باقر نے کہا کہ لوگ شرح سود اور ایکسچینج ریٹ پر بغیر پڑھے تبصرہ کرتے ہیں، ہماری ویب سائٹ پر مانیٹری پالیسی سٹیٹمنٹ ہے جسے پڑھ لینا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ کچھ عرصے پہلے ہمارے معاشی اشاریوں کی صورتحال اچھی نہیں تھی، ایک سال پہلے کی صورتحال اور آج میں بہت فرق آچکا ہے، اب ایکسچینج ریٹ مستحکم اور زرمبادلہ ذخائر تسلی بخش سطح پر ہیں۔گورنر سٹیٹ بینک نے کہا کہ سال پہلے جو لوگ ڈیفالٹ کی باتیں کر رہے تھے اب وہ خاموش ہیں، معاشی بہتری قلیل مدتی نہیں بلکہ طویل مدتی عمل ہے، ہمیں پائیدار ترقی کے لیے اپنا مزاج بدلنا ہو گا۔رضا باقر نے کہا کہ لوگوں کو یہ بات جاننا ہوتی ہے کہ ایکسچینج ریٹ اور پالیسی ریٹ کیا ہو گا، دراصل پالیسی ریٹ کا تعین سٹیٹ بینک کی کمیٹی کرتی ہے جس میں کوئی حکومتی رکن نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں مہنگائی کو دیکھتے ہوئے پالیسی ریٹ کا تعین کیا جاتا ہے، ہمارا وعدہ ہے کہ ایکسچینج ریٹ کا تعین مارکیٹ کرے گی۔برآمدات کی شرح سے متعلق گورنر سٹیٹ بینک نے کہا کہ ہماری برآمدات کا جی ڈی پی سے تناسب 10 فیصد سے بھی کم ہے، کئی غریب ترین ممالک کی یہ شرح پاکستان سے بہتر ہے اور کوئی بھی ملک اس شرح سے نہیں چل سکتا۔

گورنر سٹیٹ بینک

مزید : صفحہ اول