گندم،آٹا اورچینی سکینڈل پر حکومتی خاموشی اعتراف جرم،شہبازشریف

  گندم،آٹا اورچینی سکینڈل پر حکومتی خاموشی اعتراف جرم،شہبازشریف

  



لندن (مانیٹرنگ ڈیسک) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ آٹا چینی سکینڈل پر حکومتی خاموشی اعتراف جرم ہے، تحقیقاتی رپورٹ چھپا کر عمران خان نے ملوث اپنے دوستوں کو این آر او دیا، رپورٹ سامنے نہ لا کر نیازی صاحب نے مجرموں کا ساتھی ہونے کی تصدیق کر دی، آٹا چینی میں کس نے کمائی کی؟ یہ بحران کیوں پیدا ہوا؟ ان سوالات کا اب تک جواب نہیں آیا، پابندی تھی تو پھربرآمد کیوں ہوئی؟ کس کس حکومتی شخصیت نے گندم چینی پر اربوں کمائے؟ قوم جاننے کیلئے منتظر ہے۔ایک بیان میں مسلم لیگ(ن)کے صدر نے کہا کہ تحقیقاتی رپورٹ سامنے نہ آنے سے حکومتی شخصیات کا ملوث ہونا درست ثابت ہوا۔ سمگلروں کی گرفتاری کیلئے وزیراعظم ہاؤس پر بھی چھاپہ مارا جائے تو صاف پتا چل جائے گا۔شہبازشریف نے کہا کہ آٹے، گندم اور چینی کی چوری، ذخیرہ اندوزی اور منافع خوری میں ملوث کرداروں کو سامنے لانا ہوگا۔ قوم کو آٹا، چینی، ٹیکس، قرض چوری کا حساب دئیے بغیرحکمرانوں کی جان خلاصی نہیں ہوگی۔

شہبازشریف

مزید : صفحہ اول