سکینڈری سکول اساتذہ کو نوکری سے نہیں نکالیں گے،مراد راس

سکینڈری سکول اساتذہ کو نوکری سے نہیں نکالیں گے،مراد راس

  



لاہور(پ ر)وزیر سکول ایجوکیشن پنجاب ڈاکٹر مراد راس سے پنجاب ٹیچرز یونین و تحریک اساتذہ پنجاب کے راہنماؤں کی ملاقات میں شامل سید سجاد اکبر کاظمی، رانالیاقت علی، چوہدری محمد صفدر، مہر مختار، محمد عمران، غلام فرید(ایس ایس ای فوکل پرسن) چوہدری محمد علی، میاں ارشد، طارق زیدی، رجب علی ملک سجادحسین،عمران علی، رانا خالد، امان اللہ ملک و دیگر نے اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔جس پر صوبائی وزیر تعلیم ڈاکٹر مراد راس نے اس بات کی یقین دہانی کروائی کہ کسی بھی سیکنڈری سکول ایجوکیٹر کو نوکری سے نکالا نہیں جائے گا اور SSE's کو پنجاب پبلک سروس کمیشن کے بغیر ہی ریگولر کیا جائے گا۔ان کے کنٹریکٹ میں توسیع کر دی جائے گی۔SSE'sسے متعلقہ معاملات کو لازماً مستقل بنیادوں پر حل کرنا ضروری ہے۔پے پروٹیکشن کا مسئلہ بھی جلد حل کر لیا جائے گا۔IT الاؤنس کے لئے محکمہ خزانہ کو آئندہ بجٹ میں فنڈز کے لئے سفارش کی جائے گی۔ریشنلائزیشن اور بلدیاتی ایکٹ پر اساتذہ کے تحفظات دور کئے جائیں گے۔ ریشنلائزیشن کے عمل کا انعقاد ہمارے طلباء کی بہتری کے لئے ہے۔ اس عمل میں اساتذہ کو ہمارا ساتھ دینا ہوگا۔ تمام اساتذہ کو صحت کارڈ لیکر دوں گا جبکہ ہاؤسنگ سکیم کے لئے وزیر اعظم سے بات کرکے اساتذہ کے لئے خصوصی کوٹہ مختص کروایا جائے گا۔ہم اساتذہ کی زندگی کو آسان بنانے پر کام کر رہے ہیں۔ جس کا عملی نمونہ ای ٹرانسفر پالیسی جیسے منصوبوں کا انعقاد ہے۔آنے والے ایک سال کے دوران سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کا مکمل نظام آن لائن کر دیا جائے گا تاکہ ہمارے اساتذہ تمام مسائل سے بالا تر ہو کر اپنی تمام تر توجہ صرف ہمارے طلباء کی تربیت پر مرکوز کریں۔اساتذہ آنے والی نسلوں کے معمارہیں اور ان کے مسائل حل کئے بغیر قومی ترقی ممکن نہیں۔ ہم سب کو مل کر محکمہ تعلیم کو اوپر لے کر جانا ہے۔انشاء اللہ اپگریڈیشن و ٹائم سکیل سمیت تمام جائز مطالبات پورے کئے جائیں گے۔جس پر وفد نے SSE'sکی غیر مشروط مستقلی، پے پروٹیکشن کے فوری حل اور اساتذہ کے لئے صحت کارڈ کے اجراء کے اعلان پر ان کا شکریہ ادا کیا اور تعلیم و اساتذہ کی بہتری کے لئے ان کے اقدامات کا سراہا۔

مزید : میٹروپولیٹن 1