اوقاف ملازمین کی چھٹیوں اور تبادلوں کیلئے خصوصی ایپ تیار

  اوقاف ملازمین کی چھٹیوں اور تبادلوں کیلئے خصوصی ایپ تیار

  



لاہور(فلم رپورٹر)صوبائی وز یر اوقاف سید سعید الحسن شاہ نے گزشتہ روز پی آئی ٹی بی کے تعاون سے محکمہ اوقاف کے افسران و ملازمین کی ٹرانسفراور رخصت کے لئے تیار کی گئی E-TRANSFER WEB APP کاافتتاح ایوان اوقاف کے کمیٹی روم میں کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری و چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف گلزارحسین شاہ،ایڈیشنل سیکرٹری اطہر مسعود،ڈائریکٹرجنرل طاہر رضا بخاری ور جملہ ڈائریکٹرز اوقاف پنجاب بھی مو جود تھے۔ وز یر اوقاف سید سعید الحسن شاہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ محکمہ اوقاف کو جدید سائنسی تقا ضوں سے ہم آہنگ کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔اس سلسلے میں وزیر اعظم پاکستان اور وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویزن اور ہدا یت کی روشنی میں محکمہ اوقاف کے افسران و ملازمین کی ٹرانسفراور رخصت کے لیے E-Transfer Web App تیار کی گئی ہے۔اس ویب کے لانچ ہونے سے اب کسی قسم کی سفارش،اقربا پروری اور کرپشن نہ ہونے پائے گی۔اب کسی بھی قسم کی رخصت،ٹرانسفر اوردیگر معاملات بارے محکمہ کے افسران وا اہلکاران کی منظوری و نا منظوری کی اطلاع فوری طور پر درخواست کنندہ کوکر دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب جلد اس قسم کی ویب ایپ کا دائرہ کار صوبہ کے تمام سرکاری محکموں کو لانچ کرنے کا پابند کر دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محکمہ اوقاف کے اصلاحتی عمل میں صوبہ بھر میں تاریخی ورثہ کو محفوظ کرنے کے سلسلہ میں اہم اقدامات پر عمل پیرا ہیں۔اس سلسلہ میں ان مذہبی تاریخی ورثوں کی حفاظت، تزئین و آرائش اور گرد جو ار کوخوبصورت بنا نے اور ان تک رسائی کے لئے تیز تر اقدامات عمل میں لائے جائیں گے۔ سیاحوں کو تاریخی،مذہبی مقامات تک فوری رسائی کے لئے جدید ٹرانسپورٹ سسٹم متعارف کرایا جائے گا تا کہ سیاحت کو وسیع فروغ حاصل ہو۔

مزید : میٹروپولیٹن 1