امریکی سفیر کا مانڈیلیز کے پلانٹ کا دورہ
حب (پ ر)پاکستان میں امریکی سفیر پال ڈبلیو جونز نے کراچی اور حب میں اپنے باضابطہ دوروں کے سلسلے میں بلوچستان کے شہر حب میں مانڈیلیز پاکستان لمیٹڈ کے کنفیکشنری پلانٹ کا دورہ کیا۔ اس دورے میں امریکی سفیر کے ہمراہ سفارتخانے کا عملہ اور مانڈیلیز پاکستان کی سینئر قیادت موجود تھی جس نے انہیں کاروباری آپریشنز سے آگاہ کیا اور کمپنی کی سرمایہ کاری سے پاکستان کی معیشت پر مرتب ہونے والے نمایاں اثرات پر روشنی ڈالی۔ اس کے علاوہ انہیں سالانہ بنیادوں پر حاصل ریونیو سے بھی آگاہ کیا گیا۔ اس موقع پر امریکی سفیر پال ڈبلیو جونز نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا، "پاکستان میں اتنے سالوں سے مانڈیلیز انٹرنیشنل کو کام کرتے ہوئے دیکھنے پر مسرت ہوئی ہے جبکہ اسکی معاشی کارکردگی اور ٹیکسز کی ادائیگیاں بھی قابل ذکر رہی ہیں۔ ملک میں بالخصوص بلوچستان میں روزگار کے مواقع پیدا کرنے کو بلاشبہ اہم کامیابی قرار دیا جاسکتا ہے جس سے تمام اسٹیک ہولڈرز پر مثبت اثرات مرتب ہوئے ہیں۔"
اس دوران مانڈیلیز پاکستان کی منیجنگ ڈائریکٹر نرمین خان نے امریکی سفیر کو پلانٹ کے آپریشنز سے متعلق آگاہ کیا اور کمپنی کے عملے سے انہیں متعارف کرایا۔ انہوں نے کہا، "مانڈیلیز پاکستان نہ صرف معاشی اعتبار سے مقامی سطح پر بھرپور انداز سے موجود ہے بلکہ وہ اپنی کاروباری سماجی ذمہ داری کے شعبے کے ذریعے بھی فعال کردار ادا کررہا ہے۔ صرف مالی سال 2019 کے دوران ہی ہماری جانب سے قومی خزانے میں 25 کروڑ روپے سے زائد رقم براہ راست ٹیکسز کی مد میں ادائیگی کی گئی جبکہ بلوچستان کے شہر حب میں اب تک دو مینوفیکچرنگ پلانٹس میں 33 ملین ڈالرز سے زائد کی سرمایہ کاری کی جاچکی ہے۔
پاکستان بھر میں ہماری پرعزم افرادی قوت 385 اسٹاف پر مشتمل ہے جو قابل ذکر انداز سے مارکیٹ میں ہماری ترقی کو یقینی بناتی ہے۔ مزید یہ کہ ملک میں لوگوں کی آمدن بڑھنے سے مستقبل کے لئے بھی مواقع ہموار ہوتے ہیں۔" مانڈیلیز انٹرنیشنل ایک امریکی کمپنی ہے اور پوری دنیا میں اسکا عملہ تقریباََ80 ہزار افراد پر مشتمل ہے جبکہ اسکی مصنوعات دنیا کے 150 سے زائد ممالک میں استعمال کی جاتی ہیں۔ یہ ادارہ عالمی مارکیٹ میں بسکٹس، چاکلیٹ اور کینڈی کے شعبے میں پہلے نمبر پر موجود ہے جبکہ گم کے شعبے میں دوسرے نمبر پر براجمان ہے۔