صنعتی زونز سے تجاوزات کا خاتمہ کیا جائیگا،جام اکرام دھاریجو

  صنعتی زونز سے تجاوزات کا خاتمہ کیا جائیگا،جام اکرام دھاریجو

  



کراچی(اسٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت اور امداد باہمی و انسداد بدعنوانی جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا کہ حکومت سندھ صنعتکاروں کے مسائل کے لئے حل کے لئے سنجیدہ ہے۔ صنعتی زونز میں قائم تجاوزات کا خاتمہ ہر صورت کیا جائے گا اور قبضہ مافیا کے خلاف سخت آپریشن کیا جائے گا۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کو اپنے دفتر میں سائٹ سپر ھائی وے ایسوسی ائشن آف انڈسٹری کراچی کے وفد سے ملاقات کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر سائٹ سپر ہا ئی وے ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کراچی کے صدر شاہین الیاس سروانہ، عامر حسن لاری نائب صدر، انچارج ایم ڈی سائٹ عامر خورشید، سیکریٹری سائٹ فضل شر سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں کمبائینڈ ایفویلنٹ ٹریٹمنٹ پلانٹ لگانے سمیت دیگر اہم معاملات پر غور کیا گیا۔ صوبائی وزیر جام اکرام اللہ دھاریجو نے مزید کہا کہ ٹریٹمنٹ پلانٹ کافی وقت سے زیر التوا ہے۔ اسے جلد سے جلد مذکورہ منصوبہ تکمیل کروایا جائے اور سائٹ سپر ھائی وے سے تجاوزات کا خاتمہ یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تجاوزات کرنے والے عناصر کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے۔ قبضے کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت اور امداد باہمی و انسداد بدعنوانی جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا کہ فورتھ جنریشن ٹیکنالوجی کے یونیورسٹی کراچی میں قیام کے لیے سندہ حکومت اپنا اہم کردار ادا کرے گی اور سندہ حکومت صنعتکاروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا کہ یہ بات باعث افسوس ہے کہ وفاقی حکومت نے صنعتکاروں کے مسائل سے مکمل طور پر کنارہ کرلیا ہے۔وفاقی حکومت ہوش کے ناخن لے کیونکہ صنعتکار طبقہ ملکی معیشت کی شہہ رگ کی حیثیت رکھتا ہے۔ صنعتوں کی تباہی کا مطلب ملک کی بدحالی ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ۔صنعتکاروں کو بھاری ٹیکسوں اور بجلی، گیس کی لوڈشیڈنگ کے سپرد کردیا گیا ہے جس نے ان کی کمر توڑدی ہے اور بیروزگاری کا طوفان کھڑا ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے 18 ماہ میں عوام سمیت صنعتکار طبقہ بھی سخت مشکلات سے دوچار ہوگیا۔ ملکی کاروبار میں کمی کا رجحان سامنے آرہا ہے۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر