پاکستان مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیشکش کو عملی شکل دینے کا خواہاں، دفتر خارجہ

پاکستان مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیشکش کو عملی شکل دینے کا خواہاں، دفتر خارجہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک،آن لائن) دفتر خارجہ کی ترجمان عائشہ فاروقی نے کہا ہے کہ پاکستان مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیشکش کو عملی شکل دینے کا خواہاں ہے، امید کرتے ہیں کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دورہ بھارت کے دوران کشمیر کی صورتحال پر بات ہوگی۔ ہفتہ وار بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان افغان امن عمل میں پیشرفت اور افغان فریقین کے درمیان نتیجہ خیز مذاکرات چاہتا ہے۔ پاکستان، افغانستان میں امن واستحکام کے لیے کسی بھی دوسرے ملک سے زیادہ خواہشمند ہے۔ توقع ہے جلد یا بدیر افغان امن معاہدے پر دستخط ہو جائیں گے اور اس میں تمام فریقین کے مفادات کو مدنظر رکھا جائے گا۔ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے گہرے دوستانہ تعلقات ہیں۔ پاکستانیوں کو ٹارگٹ کرکے ڈی پورٹ کرنے سے متعلق خبریں درست نہیں ہیں۔ سعودی عرب میں غیر قانونی تارکین کے خلاف مہم معمول کی کارروائی ہے۔دوسری جانب سعودی عرب میں پاکستانی قونصلیٹ کی طرف سے پاکستانی کمیونٹی میں بے بنیاد پروپیگنڈہ کے خلاف آگاہی مہم کے سلسلہ میں جدہ میں مقیم مختلف پاکستانی ر ہنماؤں سے ملاقات کے موقع پر قونصلیٹ کے ذمہ داروں نے گفتگو کرتے ہوئے کیا کہا ہے کہ سعودی عرب میں پاکستانیوں کے خلاف کارروائی کا پروپیگنڈہ بے بنیاد اور لغو ہے،سعودی عرب میں قوانین سب کیلئے برابر ہیں، غیر قانونی تارکین کے خلاف مہم میں پاکستانی ہدف نہیں، ان کاروائیوں کا حالات واقعات سے تعلق جوڑنا درست نہیں بلکہ یہ معمول کی کاروائی ہے،سوشل میڈیا کے ذریعے گمراہ کن خبریں پاک سعودی تعلقات کو خراب کرنے کی کوشش ہے۔قونصلیٹ نے واضح کیا ہے کہ حالیہ مہم کا آغاز ایسے افراد کے خلاف کیا گیا ہے جو اقامے پر لکھے گئے پیشے کی جگہ دیگر شعبوں میں کام کر رہے ہیں اس حوالے سے پکڑ دھکڑ کی مشق معمول کی کارروائی کا حصہ ہے جس میں کبھی شدت اور کبھی نرمی کی جاتی ہے۔
دفتر خارجہ

مزید :

علاقائی -