کرونا وائرس، چین میں مزید 114 افراد ہلاک،394نئے مریضوں کی تصدیق

    کرونا وائرس، چین میں مزید 114 افراد ہلاک،394نئے مریضوں کی تصدیق

  



بیجنگ،ووہان(مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں) چین میں نوول کرونا وائرس کے باعث مزید 114افراد ہلاک اور 394نئے مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد مجموعی ہلاکتیں 2118 اور متاثرہ افراد کی تعداد 74ہزار576 ہوگئی جبکہ شدید بیمار مریضوں کی تعداد 113کی کمی سے 11ہزار 864 رہ گئی۔چین میں نوول کرونا وائرس کے باعث صوبائی سطح کے 31 علاقوں اور سنکیانگ پیداواری اور تعمیراتی کارپس میں نوول کرونا وائرس کے 394 نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ بدھ کے روز 114 افراد ہلاک ہوگئے۔ جمعرات کو قومی صحت اتھارٹی نے بتایا کہ ہلاکتوں میں سے 108 صوبہ ہوبے میں ہوئیں جبکہ ہیبی، شنگھائی، فوجیان، شان ڈوگ، یونان اور شانشی میں ایک ایک ہلاکت ہوئی۔کمیشن نے بتایا کہ ہوبے میں بدھ کے روز 349 نئے تصدیق شدہ کیس رپورٹ ہوئے جبکہ 615 وبا کے مرکز صوبے کے صدرمقام ووہان میں شامل ہیں۔ صوبے کے 10 دیگر شہروں میں طبی لحاظ سے تشخیص کئے گئے 279 کیسز کی تعداد کم ہوگئی ہے کیونکہ مریضوں کے ٹیسٹ منفی آئے ہیں۔چین نے گزشتہ ہفتے نوول کرونا وائرس کے مصدقہ مریضوں کی تشخیص کا طریقہ کار بدل دیا تھا جس میں نمونیا کے مشتبہ مریضوں سے متعلق سی ٹی سکین کے نتائج کو طبی لحاظ سے تشخیص سمجھا جائے گا۔کمیشن نے کہا کہ بدھ کے روز 1ہزار277نئے مشتبہ کیس سامنے آئے۔ بدھ ہی کے روز 1ہزار779 مریضوں کو صحت یاب ہونے پر ہسپتال سے فارغ کر دیا گیا جبکہ شدید بیمار مریضوں کی تعداد 113کی کمی سے 11ہزار 864 رہ گئی ہے۔ بدھ کے آخر تک چینی مین لینڈ پر تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 74ہزار576جبکہ ہلاکتوں کی تعداد 2ہزار 118 ہوگئی ہے۔کمیشن نے مزید کہا کہ 4 ہزار 922 افراد کے وائرس سے متاثر ہونے کا تاحال شبہ ہے۔ 16ہزار155 افراد کو صحت یاب ہونے پر ہسپتال سے فارغ کیا جا چکا ہے۔کمیشن نے کہا کہ 5 لاکھ 89 ہزار 163 قریبی رابطہ کاروں کا پتہ لگایا گیا ہے جن میں سے 25 ہزار 318 افراد کو بدھ کے روز طبی نگرانی سے فارغ کر دیا گیا جبکہ 1 لاکھ 26 ہزار 363 افراد تاحال طبی نگرانی میں رکھے گئے ہیں۔بدھ کے آخر تک ہانگ کانگ خصوصی انتظامی علاقہ میں 2 ہلاکتوں سمیت 65 مصدقہ کیس، مکا خصوصی انتظامی علاقہ میں 10مصدقہ کیس جبکہ تائیوان میں ایک ہلاکت سمیت 24 کیس سامنے آئے۔ ہانگ کانگ میں 5، مکا میں 6 اور تائیوان میں 2 مریضوں کو صحت یاب ہونے پر ہسپتال سے فارغ کر دیا گیا۔

کرونا وائرس

مزید : علاقائی