وزیراعظم آج احساس آمدن پروگرام کا اجراء کریں گے، ڈاکٹر ثانیہ نشتر
اسلام آباد(آن لائن ٓ)وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ و تخفیف غربت ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان (آج) جمعہ کو احساس آمدن پروگرام کا اجراء کریں گے، احساس آمدن پروگرام احساس فریم ورک کے تحت جاری کئے جانے والے پروگراموں میں سے ایک ہے جس کا بنیادی مقصد پسماندہ طبقات کیلئے ذریعہ معاش کے مواقع پیدا کرنا ہے۔انہوں نے جمعرات کو اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ آمدن پروگرام میں خط غربت سے نیچے زندگی بسر کرنے والے افراد کو چھوٹے اثاثے دینا شامل ہے تاکہ وہ روزگار کما سکیں اور غربت سے باہر نکل سکیں۔ پروگرام کے تحت منتقل کئے جانے والے اثاثہ جات میں مویشی (بکریاں، گائے اور پولٹری)، زرعی آلات، چنگچی رکشہ باڈی فریم، چھوٹے دکانداروں اور چھوٹے کاروباری اداروں کیلئے سامان آلات شامل ہیں۔اس پروگرام کا بجٹ 15 بلین روپے ہے۔ پروگرام کو پاکستان کے چاروں صوبوں میں 23 غریب ترین اضلاع کی 375 دیہی یونین کونسلوں میں شروع کیا جا رہا ہے۔
ڈاکٹر ثانیہ نشتر