ویمنز ٹی 20ورلڈ کپ کا آج آغاز: وارم اپ میچ میں پاکستان کو بنگلہ دیش سے شکست

ویمنز ٹی 20ورلڈ کپ کا آج آغاز: وارم اپ میچ میں پاکستان کو بنگلہ دیش سے شکست

  



سڈنی (یواین پی) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے زیر اہتمام ساتویں آئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی کرکٹ ورلڈ کپ کا باقائدہ آغاز (آج) جمعہ سے آسٹریلیا میں ہوگا، میگا ایونٹ کا ابتدائی میچ دفاعی چیمپئن آسٹریلیا اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان سڈنی میں کھیلا جائے گا۔ عالمی کپ میں 10 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کیلئے ایکشن میں نظر آئیں گی، میزبان ویمن ٹیم ٹائٹل کا دفاع کریگی، میگا ایونٹ میں فائنل سمیت 23 میچز کھیلے جائیں گے، خواتین کے عالمی دن کے موقع پر فائنل میچ میلبورن میں کھیلا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے زیر اہتمام ساتواں ویمنز ٹی ٹونٹی کرکٹ ورلڈ کپ آج جمعہ سے آسٹریلیا میں شروع ہوگا جس میں دنیائے کرکٹ کی دس ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لئے ایک دوسرے کے خلاف نبرد آزما ہونگی۔دس ٹیموں کے درمیان فائنل سمیت 23 میچز کھیلے جائیں گے۔ میگا ایونٹ کے 23 میچز کی میزبانی کینبرا، میلبورن، پرتھ اور سڈنی کو دی گئی ہے۔خواتین کے عالمی دن کے موقع پر فائنل میچ میلبورن میں کھیلا جائے گا۔ میگا ایونٹ میں شامل دس ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے گروپ اے میں میزبان آسٹریلیا، بھارت، نیوزی لینڈ، سری لنکا اور بنگلہ دیش کو رکھا گیا ہے جبکہ گروپ بی میں انگلینڈ، جنوبی افریقہ، ویسٹ انڈیز، پاکستان اور تھائی لینڈ شامل ہیں۔میگا ایونٹ کا ابتدائی میچ (آج) دفاعی چیمپئن آسٹریلیا اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان سڈنی میں کھیلا جائے گا جبکہ پاکستان کی ٹیم میگا ایونٹ میں اپنا پہلا میچ 26 فروری کو ویسٹ انڈیز کے خلاف کینبرا کے مقام پر کھیلے گی۔ پاکستان کی ٹیم اپنا دوسرا گروپ میچ 28 فروری کو انگلینڈ کے خلاف کینبرا میں کھیلے گی، تیسرا میچ یکم مارچ کو جنویی افریقن ٹیم کے خلاف سڈنی کے مقام پر کھیلے گی جبکہ چوتھے اور آخری میچ میں 3 مارچ کو تھائی لینڈ کے خلاف سڈنی کے مقام پر نبرد آزما ہوگی۔۔ علاوہ زیں بنگلہ دیش نے پاکستان کی خواتین ٹیم کو آئی سی سی ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ سے قبل دسویں اور آخری وارم اپ میچ میں 5 رنز سے ہرا دیا۔ پاکستانی ٹیم 112 رنز کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی۔ جہاں آرا عالم اور خدیجۃ الکبریٰ نے عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ جمعرات کو برسبین میں کھیلے گئے میچ میں بنگلہ دیش کی ویمن ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 111 رنز بنائے، مرشدہ خاتون 43 اور فرغانہ حق نے 21 رنز بنائے، پاکستان کی ایمان انور نے دو جبکہ انعم امین، عالیہ ریاض اور سادیہ اقبال نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ جواب میں پاکستان کی ٹیم 112 رنز کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور 19.4 اوورز میں 106 رنز بناسکی، جویریہ خان نے 41 رنز بنائے۔ بنگلہ دیش کی طرف سے عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے جہاں آرا عالم نے 4، خدیجۃ الکبریٰ نے 3 اور سلمہ خاتون نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

   

مزید : کھیل اور کھلاڑی