بین الاقوامی ٹیموں کی پاکستان آمد دیکھنا چاہتا ہوں، کمارسنگا کارا

بین الاقوامی ٹیموں کی پاکستان آمد دیکھنا چاہتا ہوں، کمارسنگا کارا

  



لاہور(سپورٹس رپورٹر)لیجنڈری کرکٹر اور صدر ایم سی سی کمار سنگاکارا نے کہا ہے کہ بین الاقوامی کرکٹ ٹیموں کی پاکستان آمد دیکھناکا خواہشمند ہوں۔پی سی بی کی جانب سے جاری انٹرویو میں صدر ایم سی سی کا کہنا تھا کہ وہ ایک بار پھر پاکستان آنے پر بہت خوش ہیں، انفرادی طور پر وہ 10 سال بعد پاکستان آئے جبکہ ایم سی سی ٹیم کو پاکستان آئے کئی دہائیاں گزر چکی ہیں، یہاں آنے کا مقصد پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کے لیے مستقل بنیادوں پر راہ ہموار کرنا ہے۔کمار سنگارا نے مزید کہا کہ کسی بھی دورے کے دوران ہوٹل تک محدود رہنے کی بجائے شہر کے مختلف علاقوں کی سیر کرنا ہمیشہ خوشگوار لمحہ ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دورہ لاہور کے دوران ایم سی سی کی ٹیم متعدد بار جمخانہ گولف کورس گئی، اسکواڈ میں شامل کھلاڑیوں نے وہاں کی مہمان نوازی کا بھرپور لطف اٹھایا۔کمار سنگاکارا نے کہا کہ وہ یہاں سے عوام کی گرمجوشی، تماشائیوں کے شاندار استقبال، کھلاڑیوں کے جوش اور شہر کی سیر سے متعلق خوشگوار یادیں اپنے ساتھ واپس لے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی مستقل بحالی کی غرض سے یہاں دیگر ممالک کی ٹیموں کو کھیلتا دیکھنا چاہتے ہیں۔کمار سنگاکارا کا کہنا ہے کہ ٹور کی غرض سے پاکستان ایک شاندار ملک ہے اور وہ اپنے ہمراہ بھی یہی پیغام لے کر واپس جارہے ہیں۔ صدر ایم سی سی نے کہا کہ انہیں یہاں کھیلے گئے تمام میچز اب بھی یاد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاہور قلندرز کے خلاف وارم اپ میچ میں جس طرح 19ہزار شائقین کرکٹ اسٹیڈیم میں موجود تھے، انہیں دیکھنا بھی ایک یادگار لمحہ رہے گا۔ ایم سی سی کرکٹ ٹیم کے کپتان نے کہا کہ وہ بخوبی جانتے ہیں کہ پاکستانی عوام کرکٹ سے کتنی محبت کرتی ہے اور یہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے معاشی استحکام کے لیے کتنا ضروری ہے۔ کمار سنگاکارا نے کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ اب صرف بڑی ٹیموں تک محدود نہیں بلکہ چھوٹی ٹیموں کو بھی ٹیسٹ اسٹیٹس دیا جارہا ہے۔

 اب ایسا نہیں ہوسکتا کہ چند ٹیمیں پانچ روزہ کرکٹ کھیلیں اور کچھ چار روزہ ٹیسٹ کرکٹ کھیلا کریں۔ صدر ایم سی سی نے مزید کہا کہ یہ ایک ایسی بحث ہے جو مزید کچھ عرصہ جاری رہے گی مگر جو بھی ہو ہمیں اس کے عملی طور پر درست اور بہترین نتائج ڈھونڈنے ہیں۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی