ڈیپارٹمنٹل ٹیموں پر مشتمل ڈومیسٹک ٹورنامنٹ کی تجویز

  ڈیپارٹمنٹل ٹیموں پر مشتمل ڈومیسٹک ٹورنامنٹ کی تجویز

  



لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کرکٹ کمیٹی نے ڈومیسٹک سیزن 21-2020 میں ڈیپارٹمنٹل ٹیموں پر مشتمل ڈومیسٹک ٹورنامنٹ منعقد کروانے کی تجویز دیدی اور ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ آئندہ سیزن میں ممکنہ ونڈو کا جائزہ لینے کے بعد کمیٹی کو آگاہ کریں۔کرکٹ کمیٹی نے 6 کرکٹ ایسوسی ایشنز کے کوچز کی صلاحیتوں میں مزید نکھار لانے کے لیے ہر ممکن ضروری اقدامات اٹھا نے کی بھی ہدایت کر دی۔پاکستان کرکٹ بورڈ کی نئی کرکٹ کمیٹی کا سال 2020 میں پہلا اجلاس کراچی میں ہوا۔ سابق ٹیسٹ اسپنر اقبال قاسم کی سربراہی میں منعقدہ اجلاس میں وسیم اکرم، عمر گل، عروج ممتاز اور علی نقوی نے شرکت کی۔قومی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر اور ہیڈکوچ مصباح الحق کے علاوہ ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ پی سی بی ہارون رشید نے اجلاس میں خصوصی شرکت کی۔

  

کرکٹ کمیٹی نے پی سی بی کو ڈومیسٹک سیزن 21-2020 کے دوران ڈیپارٹمنٹل ٹیموں پر مشتمل ڈومیسٹک ٹورنامنٹ منعقد کروانے کی تجویز دی ہے۔ اس سلسلے میں ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ آئندہ سیزن میں ممکنہ ونڈو کا جائزہ لینے کے بعد کمیٹی کو آگاہ کریں، کرکٹ کمیٹی کا آئندہ اجلاس اپریل میں متوقع ہے۔ ہارون رشید نے کمیٹی کو بتایا کہ رواں سیزن کے دوران پی سی بی اب تک 12 ٹورنامنٹس کا انعقاد کرچکا ہے جس میں 190 میچز شامل تھے۔ اجلاس کے دوران ہارون رشید نے کمیٹی کو کھلاڑیوں کے لیے کھانے، پریکٹس کی سہولیات اورپچز کے معیار میں بہتری لانے سے متعلق بھی بریفنگ دی۔ کمیٹی نے آئندہ اجلاس میں ہارون رشید کو دیگر معاملات پر بھی بریفنگ تیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔کرکٹ کمیٹی نے رواں سیزن میں کرکٹ کے معیار میں بہتری کو سراہاہے،اس حوالے سے کھلاڑیوں کی آراء بھی مثبت رہی ہیں۔اجلاس کے دوران 6 کرکٹ ایسوسی ایشنز کے کوچز کی تعیناتی اور ان کی کارکردگی کا جائزہ لینے سے متعلق عمل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس میں اتفاق کیا گیا ہے کہ اعلیٰ کوچز کی صلاحیتوں میں مزید نکھار لانے کے لیے ہر ممکن ضروری اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی