کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو دھچکا، عمراکمل اینٹی کرپشن کوڈ کے تحت معطل
لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے عمر اکمل کو اینٹی کرپشن کوڈ کے تحت معطل کر دیا، عمر اکمل پی ایس ایل فائیو سے بھی باہر ہو گئے۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے اینٹی کرپشن کوڈ کی دفعہ 4.7.1 کے تحت عمر اکمل کو فوری طور پر معطل کر دیا ہے جس کے بعد عمر اکمل اینٹی کرپشن یونٹ کی جانب سے جاری تحقیقات مکمل ہونے تک کرکٹ سے متعلق کسی بھی سرگرمی میں حصہ نہیں لے سکتے،پی سی بی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ فی الحال عمر اکمل کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں لہٰذا بورڈ اس معاملے پر مزید کوئی بیان جاری نہیں کرے گا۔29 سالہ عمر اکمل کی معطلی خود کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کیلئے بھی بڑا دھچکا ہے،کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو عمر اکمل کے متبادل کھلاڑی کا انتخاب کرنے کا حق حاصل ہے۔پی سی بی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ فی الحال عمر اکمل کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں لہٰذا بورڈ اس معاملے پر مزید کوئی بیان جاری نہیں کرے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ عمر اکمل نے گلو بل ٹی ٹونٹی لیگ کے دوران منع کیے جانے کے باوجو د سابق پاکستانی کرکٹر منصور اختر سمیت دیگر مشکوک افراد سے ملاقات کیں،پی سی بی اینٹی کرپشن یونٹ کے اہلکار گزشتہ رات نجی ہوٹل پہنچے تھے جہاں عمر اکمل اہل خانہ کے ساتھ موجود تھے، پی سی بی اینٹی کرپشن یونٹ کے اہلکاروں نے عمر اکمل سے رات بھر تحقیقات کیں اور ان کے دونوں موبائل فونز بھی قبضے میں لے کر اس میں موجود نمبرز سے رابطوں کے حوالے سے سوال جواب کیے ۔پی سی بی ذرائع کے مطابق اینٹی کرپشن اہلکاروں نے چیئر مین احسان مانی اور سی او او وسیم خان کو اس کیس کی تحقیقات کے حوالے سے بریف کردیا ہے اور عمر اکمل کے خلاف مضبوط شواہد سامنے آنے کے بعد ہی پی سی بی نے پی ایس ایل کے آغاز سے محض چند گھنٹے قبل انہیں معطل کرنے کا اعلان کیا۔