صاف پانی کرپشن کیس،سماعت 21 مارچ تک ملتوی

  صاف پانی کرپشن کیس،سماعت 21 مارچ تک ملتوی

  



لاہور(نامہ نگار)احتساب عدالت نے صاف پانی کرپشن کیس میں ملوث ملزم قمرالسلام اور وسیم اجمل سمیت 20 ملزمان کے کیس کی سماعت 21 مارچ تک ملتوی کر دی،احتساب عدالت کے جج امجد نذیر چوہدری نے کیس پر سماعت کی،نیب کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ صاف پانی کیس میں ضمنی ریفرنس تیار کرلیاہے جو لیگی رہنما قمر اسلام راجہ وسیم اجمل سمیت 17ملزموں کے خلاف دائر کیا جائے گا،ملزموں کی بریت کی درخواستوں پر ابھی فیصلہ نہ کیا جائے،عدالت نے ضمنی ریفرنس دائر کرنے کے لئے ایک ماہ کی مہلت دیتے ہوئے سماعت ملتوی کردی،کیس کے تمام ملزمان کی جانب سے بریت کی درخواست جمع کرائی جا چکی ہیں

،اس کیس میں مسلم لیگ (ن)کے راہنماء انجینئر قمرالسلام سمیت 20 افراد نامزد ہیں،نیب کے تفتیشی افسر نے بتایا کہ نیب لاہور کی جانب سے 17 اپریل 2018 کو مرکزی ملزم خالد ندیم کی گرفتاری عمل میں لائی گئی تھی،ملزمان کی آپس کی ملی بھگت سے حکومتی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچا، ملزموں نے بہاولپور ریجن میں انتہائی مہنگے داموں 116 واٹر فلٹریشن پلانٹس نصب کئے،ملزمان کی جانب سے پلانٹس نصب کرنے کے حوالے سے قیمتوں کا غلط تعین و اندراج کیا گیا اورحکومتی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچایا گیاہے۔

مزید : میٹروپولیٹن 4