صوبے میں پرائمری ہیلتھ کیئر نظام بہتر کرنے پر توجہ مرکوز ہے تیمورسیلم جھگڑا

صوبے میں پرائمری ہیلتھ کیئر نظام بہتر کرنے پر توجہ مرکوز ہے تیمورسیلم جھگڑا

  



پشاور(سٹاف رپورٹر)خیبر پختونخوا کے وزیر صحت تیمور سیلم جھگڑا نے کہا ہے کہ صوبے میں پرائمری ہیلتھ کیئر نظام کو بہتر کرنے کے لیے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ صوبائی دارالحکومت کے مضافاتی علاقوں میں قائم بنیادی مراکز صحت کی استعداد کار بڑھائی جائے گی۔صوبائی وزیر صحت نے ان خیالات کا اظہار اپنے حلقہ نیابت کے مختلف وفود سے اپنے دفتر میں بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وزیر صحت نے سائلین کی درخواستوں پر احکامات بھی جاری کیے۔ وفود سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ صوبے کی زیادہ ترآبادی بنیادی صحت نظام سے مستفید ہوتی ہے۔ اس لئے اس کو بہترین اور جدید سہولیات سے آراستہ کرنا ضروری ہے۔ پرائمری ہیلتھ کیئر نظام بہترین ہو گا تو بڑے ہسپتالوں پر۔ مریضوں کا بوجھ کم ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پورے صوبے خصوصاً صوبائی دارالحکومت پشاور کے مضافاتی علاقوں میں قائم تمام بنیادی مراکز صحت (بی ایچ یوز) کی حالت کو بہتر کریں گے اور وہاں جدید سہولیات اور عملے کی فراہمی یقینی بناکر ان کی استعداد کار کو بڑھائیں گے۔ اس موقع پر وزیر صحت نے شہریوں سے کہا کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلائیں اور پولیو ٹیموں سے بھرپور تعاون کریں۔ تیمور سیلم نے کہا کہ والدین کے تعاون کے بغیر ملک سے اس مرض کا خاتمہ ممکن نہیں ہے۔

مزید : صفحہ اول