دوسروں کے مفادات کی جنگ نے ملکی معیشت کا بیڑہ غرق کردیا،اسد قیصر

  دوسروں کے مفادات کی جنگ نے ملکی معیشت کا بیڑہ غرق کردیا،اسد قیصر

  



صوابی (بیورورپورٹ)سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ دوسروں کے مفادات کے لئے لڑی جانے والی جنگوں نے ہماری معیشت، کاروبار، انڈسٹری، کلچر، زندگی اور نسل کو تباہ کر دیا۔ وزیر اعظم عمران خان کی سخت پالیسیوں کی وجہ سے ملک معاشی بحرانوں سے نکل رہا ہے غریب عوام کو اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں پانچ سے پندرہ فیصد تک سبسڈی دی جائیگی ان خیالات کااظہار انہوں نے اپنے حجرہ واقع موضع مرغز ضلع صوابی میں ورکرز کنونشن سے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ 2018میں جب پی ٹی آئی کی حکومت اقتدار میں آئی تو اس وقت حکومت کے پاس سرکاری ملازمین کی تنخواہوں کے لئے پیسے نہیں تھے مختلف ممالک نے پاکستان کو سپورٹ کیا اور ان کی مالی تعاون سے بحرانوں پر قابو پالیا گیا پاکستان میں بد قسمتی سے منافع بخش بڑے بڑے ادارے پی آئی اے، سٹیل مل اور واپڈا سمیت دیگر ادارے خسارے میں جارہے ہیں پی آئی اے کے ایک جہاز کے لئے پانچ سو ملازمین مقر ر تھے جو بہت بڑا بوجھ ہے صرف ہمارے صوبے میں پیسکو چالیس ارب روپے خسارے میں جارہا ہے اسی طرح سٹیل مل سمیت تمام ادارے تباہ کر دیئے گئے ہیں حکومت کو صرف گیس اور پیٹرولیم کے مد میں آمدن مل رہی ہے انہوں نے کہا کہ حکومت پیٹرولیم کی قیمتوں میں کمی لانے کے لئے ٹیکسوں میں کمی کر رہی ہے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی قیادت نے ملک کی تاریخ میں پہلی با ر خیبر پختونخوا کو بڑے بڑے منصب دیئے اور یہ یہاں کے عوام کے لئے باعث عزت اور اعزاز ہے انہوں نے کہا کہ اقتدار میں آکر ضلع صوابی میں بجلی اور گیس کے بنیادی مسائل حل کرنے کے لئے بنیادی طور پر عملی اقدامات کئے صوابی میں برہان جیسا 220کے وی گرڈا سٹیشن بن رہا ہے جس سے ضلع بھر میں سو سال تک وولٹیج کی کمی کا مسئلہ پیش نہیں آئیگا۔ جب کہ اس گرڈ اسٹیشن کے قیام سے پرانے لائن بھی تبدیل ہو جائیں گے گیس کے مد میں ایک ارب بیس کروڑ روپے خرچ کئے گئے جس سے صوابی کے گھر گھر گیس ملے گا غازی بھروتہ پراجیکٹ کے لئے ہمارے دریائے سندھ کے چھینے گئے پانی کو واپس لانے کے لئے جو کمیٹی بنائی گئی ہے اس کے اچھے نتائج بر آمد ہونگے انہوں نے کہا کہ بیلا جات کو سیراب کرانے کے لئے ستر ارب روپے کی لاگت سے پیہور ہائی لیول کنال کے توسیعی منصوبے پر کام جاری ہے پرانے حجروں کی از سر نو تعمیر اور قبر ستان اراضی مختص کی جائے گی مساجد کے لئے پانچ کروڑ روپے دیئے گئے ہیں گدون میں کالج کے قیام کے لئے اراضی کی تلاش جاری ہے اور اسی طرح گرلز کامرس کالج کو بھی اپ گریڈ کیا جارہا ہے انہوں نے کہا کہ وزیر صحت سے حالیہ ملاقات میں طے پاگیا ہے کہ صوابی کے بڑے چھوٹے ہسپتالوں میں ڈاکٹروں کی کمی پندرہ مارچ تک پوری کی جائے گی۔ باچا خان میڈیکل کمپلیکس میں ہر قسم کی سہولیات میسر ہونے سے صوابی کا کوئی فرد علاج کے لئے پشاور نہیں جائیگا انہوں نے کہا کہ گدون میں ٹیکنیکل کالج مردانہ اور صوابی میں گرلز ٹیکنیکل کالج کو اپ گریڈ کیا جائیگا انہوں نے کہا کہ زراعت کے شعبے کو ترجیح دی جارہی ہے کسانوں کو ریلیف دینگے۔

مزید : صفحہ اول