میونسپل قوانین پر عملدرآمد کیلئے وارڈنز کی تقرری کیلئے کمیٹی قائم

میونسپل قوانین پر عملدرآمد کیلئے وارڈنز کی تقرری کیلئے کمیٹی قائم

  



پشاور(سٹاف رپورٹر)وزیراعلی خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے بلدیات کامران بنگش نے میونسپل قوانین پر عملدرآمد کے لئے میونسپل وارڈنز کی تقرری کے بارے میں کمیٹی قائم کردی۔ محکمہ بلدیات کے مطابق تجاوزات، صفائی ستھرائی، بلڈنگ قوانین کا نفاذ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اس ضمن میں کمیٹی جلد ازجلد اپنی سفارشات مرتب کرے گی۔ ترقی یافتہ ممالک میں میونسپل وارڈنز ایک منظم ادارہ ہوتا ہے۔متعلقہ کمیٹی اور وارڈنز بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے معاون خصوصی نے واضح کیا کہ میونسپل وارڈنز کا قیام پاکستان میں اپنی نوعیت کا پہلا قدم ہوگا۔ عمران خان کے ویڑن اور وزیراعلی کی ہدایات کی روشنی میں منظم ادارہ جاتی اصلاحات لارہے ہیں، تاکہ صوبے کے عوام کو بہترین خدمات کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔کامران بنگش نے مزید کہا کہ لوکل گورنمنٹ ڈیپارٹمنٹ ایک نئی سوچ اور ولولے کے ساتھ کام کررہا ہے۔ جس کے ثمرات عوام تک بہت جلد پہنچنا شروع ہو جائیں گے۔ ٹی ایم ایز کی کارکردگی بہتر بنانے کے لئے جامع منصوبہ بندی جاری ہے۔

مزید : صفحہ اول