عمر اکمل کی بکی سے ملاقات کہاں ہوئی ، کھلاڑی نے اینٹی کرپشن یونٹ کے سامنے اعتراف کر لیا
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن )پاکستان کرکٹ بورڈ نے عمر اکمل کو گزشتہ روز اینٹی کرپشن کوڈ کے تحت معطل کر دیا تھا جس کے بعد سے ہنگامہ سا برپا ہے تاہم اب کھلاڑی نے اینٹی کرپشن یونٹ کے سامنے بکی سے ملاقات اور آفر کا اعتراف کر لیاہے ۔
نجی ٹی وی سماءنیوز نے ذرائع کے حوالے سے کہاہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے پاس ٹھوس انفارمیشن اور ثبوت موجود تھے جس کو سامنے رکھتے ہوئے عمر اکمل سے سوالات کیے گئے ۔ عمر اکمل نے اینٹی کرپشن یونٹ کے سامنے اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ایک نجی محفل میں گئے تھے جہاں ان کی بکی سے ملاقات ہوئی اور انہیں فکسنگ کی آفر کی گئی ۔ نجی ٹی وی کا دعویٰ ہے کہ ان کی کالز بھی ریکارڈ کی گئی جبکہ عمر اکمل کے خلاف ٹھوس ثبوت بھی موجود تھے ، یہ معاملہ پرانا نہیں بلکہ حال ہی میں پیش آیا ہے جس کی اطلاع پی سی بی کو ملی ہے ۔
اینٹی کرپشن نے عمر اکمل سے کہا کہ آپ نے اس آفر کا ہمیں کیوں نہیں بتایا جس پر کھلاڑی نے آئیں بائیں اور شائیں کی ، کہا کہ مجھے پتا نہیں تھا اور میں گھبرا گیا تھا ۔سماءنیوز کے مطابق عمر اکمل کو میچ فکسنگ کیلئے کروڑوں روپے کی آفر کی گئی ۔عمر اکمل اینٹی کرپشن یونٹ کو اپنے جوابات سے مطمئن نہیں کر سکیں ہیں۔
یاد رہے کہ عمراکمل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے سکواڈ میں شامل تھے تاہم گزشتہ روز پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب سے قبل پی سی بی کی جانب سے انہیں معطل کر دیا گیا اور کہا گیا کہ جب تک انکوائری چل رہی ہے وہ کسی قسم کی بھی کرکٹ میں حصہ نہیں لے سکتے ہیں ۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اپنے اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف افتتاحی میچ میں عمر اکمل کی جگہ انور علی کو ٹیم میں شامل کیا ۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو تین وکٹوں سے شکست دے کر فاتحانہ آغاز کر دیا ہے ۔