پی ایس ایل5،کراچی کنگز اور پشاور زلمی کے درمیان سنسنی خیز میچ کا فیصلہ ہو گیا
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن )پاکستان سپر لیگ کے دوسرے میچ میں کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو10رنز سے شکست دے دی ۔کراچی کنگز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 4وکٹوں کے نقصان پر 202رنز بنائے تھے جس کے جواب میں پشاور زلمی6وکٹوں کے نقصان پر 191رنز ہی بنا سکی ۔
تفصیلات کے مطابق پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور کراچی کنگزکو بیٹنگ کی دعوت دی جس پر کراچی کنگز نے چار وکٹوں کے نقصان پر 202 رنز بنائے۔کراچی کنگز کی جانب سے بابر اعظم اور شرجیل خان نے میدان میں اتر کر کھیل کا آغاز کیا لیکن شرجیل خان صرف 19 رنز بنانے میں کامیاب رہے اور پولین لوٹ گئے۔ ان کے بعد ڈلپورٹ آئے لیکن وہ بھی صرف 20 رنز ہی بنانے میں کامیاب ہوئے۔ چوتھے نمبر پر کپتان عماد وسیم خود میدان میں اتر ے اور انہوں نے بابرا عظم کے ساتھ مل کر شاندار کھیل پیش کیا۔اوپننگ پر آنے والے بابراعظم نے 7 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 56 گیندوں پر 78ر نز بنائے اور رن آوٹ ہو گئے۔ بابراعظم کی شاندار بلے بازی کی بدولت کراچی کنگز ایک بڑا ہدف دینے میں کامیاب ہوئی۔چوتھے نمبر پر آنے والے عماد وسیم نے نصف سنچری بنائی اور حسن علی کی گیند پر شعیب ملک کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہو گئے۔پشاور زلمی کی جانب سے حسن علی نے دو اور محسن علی نے ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔
پشاور زلمی کی جانب سے بینٹن 13،کامران اکمل 43،حیدر علی 4،شعیب ملک 16،ڈیرن سیمی 30اور ڈاسن 22رنز بنا کر آوٹ ہوئے ۔کراچی زلمی کی جانب سے عمیداورکرس جورڈن نے 2،2جبکہ محمد عامر اور ڈویلپورٹ نے ایک ،ایک وکٹ حاصل کی۔