محبت کے مہینے کی سب سے شاندار خبر؟ نوجوان نے جسم فروش خاتون کو اپنا بنا لیا، شادی کر لی

محبت کے مہینے کی سب سے شاندار خبر؟ نوجوان نے جسم فروش خاتون کو اپنا بنا لیا، ...
محبت کے مہینے کی سب سے شاندار خبر؟ نوجوان نے جسم فروش خاتون کو اپنا بنا لیا، شادی کر لی

  



کلکتہ(مانیٹرنگ ڈیسک) محبت کے مہینے میں بھارت میں ایک نوجوان نے محبت کی نئی داستان رقم کر دی۔ ایک جسم فروش لڑکی کو اپنا بنا لیا۔ ٹائمز آف انڈیا کے مطابق اس نوجوان کا تعلق بھارتی ریاست مغربی بنگال کے دارالحکومت کلکتہ سے ہے جس کی ملاقات جسم فروش لڑکی سلیخا سے ہوئی اور دونوں ایک دوسرے کو دل دے بیٹھے۔ سلیخا کو یہ نام قحبہ خانے سے ریسکیو کرنے والی ایک این جی او نے دیا ہے اور اس این جی او نے اس نوجوان کی سلیخا کے ساتھ شادی کروائی۔

رپورٹ کے مطابق سلیخا 15سال کی تھی جب اس کے باپ کا انتقال ہو گیا اور اس کی دادی نے اسے گھر سے نکال دیا۔ سلیخا کی ماں بے بس تھی اور اپنی ساس کے اس ظالمانہ اقدام کے خلاف کھڑی نہ ہو سکی۔ سلیخا نے بتایا کہ”میں گھر سے نکل کر مچھیڈا ریلوے سٹیشن پر چلی گئی اور وہاں لوگوں سے نوکری مانگنی شروع کر دی۔ اگلے دن وہاں دو مرد آئے اور انہوں نے مجھے گھر میں نوکری دلانے کا وعدہ کیا۔ میں ان کے ساتھ چلی گئی، کیونکہ میرے پاس اور کوئی راستہ نہیں تھا۔ ایک گھر لیجا کر انہوں نے مجھے کھانا دیا۔ کھانا کھاتے ہی میں بے ہوش ہو گئی اور اگلے روز میری آنکھ کھلی تو میں ایک قحبہ خانے میں تھی۔ قحبہ خانے کے مالک نے مجھے بدترین تشدد کا نشانہ بنایا اور جسم فروشی پر لگا دیا۔ میں نے وہاں سے کئی بار بھاگنے کی کوشش کی لیکن ہر بار پکڑی جاتی اور وہ مجھے واپس لیجا کر تشدد کا نشانہ بناتے اور واپس جسم فروشی پر لگا دیتے۔“

رپورٹ کے مطابق تین سال بعد جب سلیخا کی عمر 18سال تھی، انٹرنیشنل جسٹس مشن نامی این جی او کی رپورٹ پرپولیس نے اس قحبہ خانے پرچھاپہ مارا اور سلیخا سمیت کئی لڑکیوں کو بازیاب کرا لیا۔ اس کے شوہر کا کہنا ہے کہ ”مجھے اپنی بیوی کے ماضی سے کوئی غرض نہیں۔ میں اس کے ساتھ شادی پر بہت خوش ہوں اور چاہتا ہوں کہ زیادہ سے زیادہ بچت کروں اور ہم دونوں مل کر کیک میکنگ کا ایک یونٹ لگائیں اور کاروبار کریں۔ یہ دراصل سلیخا کا خواب ہے جسے میں پورا کرنا چاہتا ہوں۔“

مزید : ڈیلی بائیٹس