پولیو ویکسین حلال اور پولیو ٹیموں پر حملے غیر اسلامی،غیر شرعی اورغیرانسانی ہیں،پاکستان بھر کے علماء یک زبان ہوگئے
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)پولیو ویکسین حلال اور پولیو ٹیموں پر حملے غیر اسلامی ، غیر شرعی اور غیر انسانی ہیں،والدین پر شرعی طور پر لازم ہے کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو قطرے پلائیں،پاکستان کے علماء و مشائخ پولیو کے موذی وائرس کے مکمل تدارک تک اپنی جدوجہد کو جاری رکھیں گے۔
پاکستان علماء کونسل کی اپیل پر ملک بھر میں پولیو سے بچاؤ کیلئےآگاہی کا دن منایا گیا،اس موقع پر علماءو مشائخ،آئمہ اور خطباء نےپولیو کے خاتمے تک اپنی جد و جہد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ۔چیئرمین پاکستان علماء کونسل و صدر وفاق المساجد و المدارس پاکستان حافظ محمد طاہر محمود اشرفی ،مولانا اسد اللہ فاروق ، مولانا اسید الرحمٰن سعید، مولانا محمد اسلم صدیقی ، مولانا زبیر عابد، مولانا عبدالحکیم اطہر نے لاہور، مولانا محمد رفیق جامی ، مولانا حق نواز خالد، علامہ طاہر الحسن ،قاری عصمت اللہ معاویہ ، مولانا امین الحق اشرفی ، مولانا حبیب الرحمٰن عابد نے فیصل آباد، مولانا عبد الکریم ندیم نےخان پور ،علامہ عبد الحق مجاہد،مولانا انوار الحق مجاہد ، شبیر یوسف گجر، مولانا عبد المالک آصف نےملتان،مولانا اسعد زکریا نےکراچی، قاضی مطیع اللہ سعیدی نےگجرات ،مولانا محمد شفیع قاسمی، مولانا حنیف عثمانی نےساہیوال،مولانا عثمان بیگ فاروقی نےشاہکوٹ، پیر اسعدحبیب شاہ جمالی ، مولانامحمد جابرنےڈیرہ غازی خان، مولانا نعمان حاشر ، مولانا طاہر عقیل اعوان نےراوالپنڈی ، مولانا ابو بکر صابری نےاسلام آباد،، مولاناا حسان احمد حسینی نےڈسکہ ، مولانا عبدالرئوف نےبہاولنگر ، مولانا فہیم الحسن فاروقی نےشیخوپورہ ،مولانا محمد یاسر علوی نےسمندری، مولانا عقیل احمد نقشبندی، مولانا عبد اللہ رشیدی نےقصور ، مولانا منیب الرحمان حیدری نےنارووال، مولانا محمد ایوب صفدر، مولانا محمد زبیر کھٹانہ نےگوجرانوالہ، مولانا ابو بکر حمزہ نےچکوال، مولانا سعد اللہ لدھیانوی نےٹوبہ ٹیک سنگھ ، مولانا قاری وقاص سلیمی نےگوجرہ، مفتی محمد عمر فاروق نےخانیوال ، مولانا تنویر احمد نےبہاولپور ، مولانا محمد احمد مکی، مولانا محمد اشفاق پتافی، مفتی محمد عمران معاویہ نےمظفر گڑھ،مولانا کلیم اللہ معاویہ نےننکانہ ، مولانا عزیز الرحمن عثمانی نےتلہ گنگ، مولانا عزیز اکبر قاسمی نےراجن پورمیں اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں استعمال ہونے والی پولیو سے بچاؤ کی ویکسین محفوظ اور موثر ہے،اس میں کوئی حرام یا مضر صحت اجزاء شامل نہیں، ناہی ایسے اجزا شامل جو تولیدی نظام کو کسی قسم کا نقصان پہنچانے کا سبب بنتے ہوں، انسانی جسم کو اپاہج کردینے والے مرض پولیو کے خلاف ویکسین سے متعلق پاکستانی معاشرے میں پایا جانے والا غلط تاثر اور پولیو مہم میں شامل رضا کاروں پر جان لیوا حملے قطعی طور پر برداشت نہیں کیے جاسکتے، یہ حملے غیر اسلامی ، غیر شرعی اور بزدلانہ فعل ہیں،اس کام میں ملوث افراد اسلام کی کوئی خدمت نہیں کر رہے بلکہ معاشرے میں بگاڑ کا سبب بن رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیو کا وائرس پورے پاکستان میں نہیں پھیلا ہوا لیکن ملک کے چند حصوں میں مسلسل اس وائرس کی موجودگی کی رپوٹس آرہی ہیں ، یہ وہ علاقے ہیں جو ہمارے لئے باعث تشویش ہیں کیونکہ اگر وائرس کہیں بھی موجود ہے تو پھر تمام ملک خطرے میں ہوسکتا ہے،بچے قوم کا مستقبل ہیں، انہیں پولیو جیسے موذی وائرس سے بچانے کے لیے معاشرے کے ہر فرد کو اپنی ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا،اپنے بچوں کو زندگی بھر کی معذوری سے بچانے کے لیے پولیو کے قطرے پلانے میں شرعی اعتبار سے کوئی حرج نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے علماء و مشائخ پولیو کے موذی وائرس کے مکمل تدارک تک اپنی جدوجہد کو جاری رکھیں گے۔ ہر وہ بچہ جو پولیو کے حفاظتی قطرے پینے سے محروم رہ جاتا ہے وہ نہ صرف کمیونٹی بلکہ پوری قوم کے لیے ایک خطرہ ہے۔