وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے انفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی میں ’وزیراعظم ہنر مند پاکستان پروگرام‘ کا افتتاح کر دیا
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نےانفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی میں ’وزیراعظم ہنر مند پاکستان پروگرام‘ کا افتتاح کر دیا۔
ارفع ٹیکنالوجی پارک میں تقریب سے خطاب میں وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کا کہنا تھا کہ وزیراعظم ہنرمند پروگرام نوجوانوں کو اپنے پاؤں پر کھڑا ہونے اور معیشت مضبوط کرنے میں مدد گار ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی صلاحیتوں کا مثبت استعمال اصل چیلنج ہے اور اس چیلنج کا مقابلہ نوجوانوں کو جدید ہنر سکھا کر کیا جاسکتا ہے۔وائس چانسلر ڈاکٹر نیاز احمد نے کہا کہ آئی ٹی یونیورسٹی کو اس کی اہلیت اور قابلیت کی وجہ سے اس پروگرام میں طلبا کی تکنیکی تربیت کے لیے منتخب کیا گیا۔
تقریب سے چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر فضل خالد، چیئرمین پنجاب آئی ٹی بورڈ اظفر منظور، چیئرمین ٹیوٹاعلی سلمان اورڈائریکٹر جنرل نیو ٹیک رانا سلیم نے بھی خطاب کیا۔ بتایا گیا کہ اس پروگرام کے تحت نوجوانوں کو چھ ماہ کےلئے مختلف آئی ٹی کورسز میں مفت تربیت دی جائے گی جس سے نوجوان پوری دنیا کے لیے آن لائن کام کرکے زرمبادلہ کما سکیں گے۔ تقریب میں پروگرام میں داخلہ لینے والے طلبہ کی کثیر تعداد شریک بھی شریک ہوئی۔