جو جیتتاہے وہ کبھی دوبارہ الیکشن کی بات نہیں کرتا ، مریم اورنگزیب نے حکومتی ترجمانوں کی کلاس لے لی
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن)مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ جو جیتتاہے وہ کبھی دوبارہ الیکشن کی بات نہیں کرتا، مریم نواز نے واضح کہا ہم الیکشن جیتے ہوئے ہیں،340 پولنگ سٹیشن کا ووٹ ٹرن آؤٹ 33 فیصد جبکہ باقی کا ٹرن آؤٹ 80 فیصد بتایا گیا،اسی کو دیکھ کر الیکشن کمیشن نے نتیجہ روکا ہے، الیکشن کمیشن نے الزام نہیں لگایا،پریس ریلیز جاری کی ہے،کرائے کے ترجمانوں نے الزامات کا جواب دینے کی بجائے صرف پروپیگنڈا کیا،حکومتی ترجمان حواس باختہ ہو چکے ہیں۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا کہ 2018ء کے الیکشن کے بعد عثمان ڈار کے الزامات پر الیکشن کمیشن کی پریس ریلیز نہیں آئی تھی کہ تاخیر کی وجہ سے ووٹوں میں ردوبدل کا شبہ ہے،پریذائیڈنگ افسران غائب ہو گئے،یہ مقامی انتظامیہ کی کمزوری ہے،عثمان ڈار خودکہتےہیں کہ یہ تین گھنٹے پولنگ سٹیشن میں موجود تھے،الیکشن کمیشن نےکہاہےکہ تیرہ گھنٹے پریذائیڈنگ افسران غائب ہوئے،ووٹوں کی گنتی شروع ہونے کےبعدسےپریذائیڈنگ افسران غائب تھےجو صبح چھ بجے پہنچے،الیکشن کمیشن نےالزام نہیں لگایا بلکہ پریس ریلیز جاری کی ہے،حکومت اورکرائےکے ترجمانوں نے الزامات کا جواب نہیں دیا صرف پروپیگنڈہ کیا ہے کہ ہم جیت گئے ہیں۔
ن لیگی ترجمان کا کہنا تھا کہ دکھ اور افسوس کی بات ہے کہ ایک نشست کے لئے دو قیمتی جانیں ضائع ہوئیں،چاہے اس کا تعلق تحریک انصاف سے ہو، یا اس کا تعلق ن لیگ سے ہو، وہ جان ہمارے لئے برابر ہے،ہم نے اس کی مذمت کی ہے،جب فائرنگ ہو، ڈنڈے برسائے جائیں، خوف و ہراس پھیلایا جائے، اس کا پورا اثر حلقے کے اوپر پڑتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 340 پولنگ اسٹیشن کا ووٹ ٹرن آؤٹ 30 سے 33 فیصد رہا جب کہ باقی 20 پولنگ سٹیشنز کا ووٹ ٹرن آؤٹ 80 فیصد بتایا جا رہا ہے،اسی کو دیکھ کر الیکشن کمیشن نے نتیجہ روکا ہوا ہے،تحریک انصاف والے کہتے ہیں کہ نون لیگ والے ویڈیو لائیں، تو ن لیگ بھی کہتی ہے کہ یہ ویڈیو لائیں کہ جس میں پولیس اور تحریک انصاف نے رانا ثناء اللہ اور جاوید لطیف کو یرغمال بنایا ہوا تھا،عثمان ڈار کل سے کہہ رہا ہے کہ میرے پاس رانا ثناء اللہ کی ویڈیو ہے، ابھی تک اس نے ریلیز نہیں کی ؟۔
انہوں نے کہا کہ 20 پولنگ سٹیشن کے فارم 45 میں ردوبدل صرف ن لیگ کا الزام نہیں الیکشن کمیشن کو بھی اس پر شبہ ہےاور ہم الیکشن کمیشن کی پریس ریلیز کی بات کر رہے ہیں ،الیکشن کمیشن کی پریس ریلیز اردو میں ہے یہ انگریزی میں نہیں ہےجو ان کو مسئلہ ہو ، الیکشن کمیشن نے کہا 20 پریزیڈنٹ آفیسر لاپتہ ہوئے ، چیف سیکرٹری لاپتہ ہوا، اس کے بعد وزیراعلی پنجاب لاپتہ ہو گیا،پوری کی پوری پنجاب حکومت لاپتہ ہو گئی ۔