ہمارا پیارا بھائی لیاقت کھرل بھی دنیا سے رخصت  

ہمارا پیارا بھائی لیاقت کھرل بھی دنیا سے رخصت  
 ہمارا پیارا بھائی لیاقت کھرل بھی دنیا سے رخصت  

  

لیاقت کھرل اب ہم میں نہیں رہے مطلب اس دنیا میں نہیں رہے, یہ خبر سوشل میڈیا سے موصول ہوئی وہ بھی رات گئے جی ہاں اس خبر کے بعد ہر دل افسردہ ہو گیا، سوشل میڈیا پر تو جیسے کہرام مچ گیا،  ہر آنکھ نم تھی-  لیاقت کھرل روزنامہ پاکستان کے سینئیر رپورٹر تھے۔دل تو یہ خبر ماننے سے انکاری تھا، لیکن دستور کائنات کے آگے سب کو سر جھکانا پڑتا ہے-لیاقت کھرل روزنامہ پاکستان کی شان بھی تھا آن بھی اور پاکستان اخبار کے کارکنوں کی جان بھی- میری  ان سے کافی ملاقات رہی، جب بھی ملے لیاقت کھرل کو ہر وقت ہنستا ہی دیکھا- کبھی چہرے پر غم دیکھا نہ الم کی صورتحال دیکھی۔ ہم نے تو ہر وقت لیاقت کھرل کو مسکراتے ہی دیکھا- ہمیشہ بھائیوں طرح شفقت کرتے دیکھا اور بطور پاکستان اخبار کے رپورٹر بھی انھیں اپنا فرض خوش اسلوبی سے نبھاتے دیکھا-

فرض کی انجام دہی میں کھرل صاحب کے ماتھے پر کبھی شکن نہیں آئی۔ اکثر میرے بھی چاہنے والوں کے بیشمار کام کئے لیکن کبھی کسی سے شکایت کی اور نہ ہی گلہ کیا۔ لیاقت کھرل ہمارے بہت پرانے ساتھیوں میں سے ہیں، یہ خبر یقینا پاکستان و یلغار کے دوستوں پر پہاڑ بن کے ٹوٹی اور اس سے قبل جناب علی سدپارہ کے اس دنیا سے رخصت ہونے کی خبر ملی اور دوسرے دن جناب لیاقت کھرل کی دنیا سے رخصتی کی خبر سننے کو ملی- جناب لیاقت کھرل نے کبھی کسی کے خلاف دل میں غبار نہیں رکھا، کسی کو میلی نظر سے نہیں دیکھا- میرے پاس بھی لکھنے کو بہت کچھ ہے لیکن آنکھ نم اور دل غمگین ہے، قلم ساتھ نہیں دے رہا،اس  لیے بس اب صرف اجازت ہی چاہتے ہیں آپ سب سے لیکن چلتے چلتے یہی دعا ہے لبوں پر کہ اللہ پاک ہمارے پیارے بھائی لیاقت کھرل کے گناہوں کو در گزر فرمائے، ان کی اگلی منزلیں آسان فرمائے اور انھیں جنت میں اعلی مقام عطا کرے۔ آمین ثم آمین

مزید :

رائے -کالم -