ڈبلیو ایس ایس پی شہر کی بڑی سڑکوں کی صفائی کے گرینڈ آپریشن کا آغاز

 ڈبلیو ایس ایس پی شہر کی بڑی سڑکوں کی صفائی کے گرینڈ آپریشن کا آغاز

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
پشاور (سٹی رپورٹر) واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز پشاور (ڈبلیو ایس ایس پی) پیر کے روز شہر کی بڑی سڑکوں اور شاہراہوں کی صفائی کے گرینڈ آپریشن کا آغاز کرے گی جس کے لئے ضروری انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں، رنگ روڈ کی صفائی علی الصبح اور دیگر بڑی سڑکوں کی صفائی رات کے وقت کی جائے گی۔ یہ فیصلہ چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر حسن ناصر کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں کیا گیا جس میں جنرل منیجر آپریشنز ریاض احمد خان، زونل منیجرز اور دیگر متعلقہ حکام شریک ہوئے۔ اجلاس میں صفائی، پانی اور نکاسی آب خدمات کا جائزہ لیا گیا اور عملے کو ضروری ہدایات جاری کی گئیں،یونیورسٹی روڈ، کوہاٹ روڈ، ورسک روڈ، چارسدہ روڈ اور سرکلر سمیت دیگر بڑی سڑکوں اور سروس روڈز کی صفائی کے لئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو پیر کی رات سے خصوصی آپریشن شروع کریں گی۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر نے زونل منیجرز اور آپریشن ڈیپارٹمنٹ کو شہر کی بروقت صفائی یقینی بنانے، پانی اور دیگر شہری خدمات کی فراہمی کے لئے اقدامات مزید تیز کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ بڑی سڑکوں پر خصوصی توجہ دی جائے۔ گرینڈ آپریشن کے دوران سڑکوں سے ہر قسم گندگی کا صفایا کیا جائے گا۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر حسن ناصر نے ہفتے کو پیر زکوڑی پل سے کوہاٹ روڈ پل تک رنگ روڈ کی صفائی کے آپریشن کا معائنہ کیا، جی ایم آپریشن ریاض احمد خان اور زونل منیجر منصور احمد بھی ان کے ہمراہ تھے۔ انہوں نے عملے کو ضروری ہدایات جاری کرتے ہوئے جاری آپریشن پر اطمینان کا اظہار کیا تاہم ہدایت کی کہ آپریشن کو مزید تیز اور بہتر کیا جائے۔ انہوں نے رنگ روڈ پر مختلف چوکوں اور تجارتی مراکز کے ساتھ علاقوں پر خصوصی توجہ دینے کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ صفائی کے ساتھ ساتھ دکانداروں، تاجروں اور روڈ یوزرز میں آگاہی بھی پھیلاتے ہوئے انہیں مقررہ مقامات پر گندگی پھینکنے کی جانب راغب کیا جائے۔