بہاولپور میں ڈبل دیکر بس سروس شروع، سیاحوں کیلئے پیکیج فائنل

بہاولپور میں ڈبل دیکر بس سروس شروع، سیاحوں کیلئے پیکیج فائنل

  

بہاول پور(بیورورپورٹ)ریجنل منیجر ٹی ڈی سی پی مصباح اسحاق نے کہا ہے کہ  بیرون ملک سے آنے والے سیاحوں کے لیے موسم سرما میں شمالی علاقوں کے متبادل کے طور پر جنوبی پنجاب کو ترقی دی جارہی ہے اور مستقبل قریب میں جنوبی پنجاب موسم سرما میں ایک بہت پرکشش مقام ثابت ہوگا۔ یہ بات انہوں نے  بہاول پور شہر میں ڈبل ڈیکر بس کے باقاعدہ اجرا کے موقع(بقیہ نمبر3صفحہ6پر)

 پر تفصیلات بتاتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کے مطابق پسماندہ علاقوں کو بھی اسی طرح ترقی دینے میں وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار سرگرم عمل ہے۔ ان کی سربراہی میں ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن پنجاب متعدد نئے منصوبوں پر کام کررہی ہے۔ اس موقع پر انچارج ڈبل ڈیکر بس حیدر رضاشاہ اور انچارج آئی ٹی بہاول پور محمد حماد گیلانی بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ریجنل منیجر ٹی ڈی سی پی مصباح اسحاق نے بتایا کہ حال ہی میں وزیر اعلی پنجاب نے ڈبل ڈیکر بس کا افتتاح کیا ہے جو ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کو بہاول پور کے تقریبا16مقامات کی سیرکراتے ہوئے نورمحل لے جائے گی۔ اس میں سیاحوں کی معلومات کے لیے ایک گائیڈ بھی موجود ہوگا۔ مصباح اسحاق نے بتایا کہ ٹور کا دورانہ تقریبا ڈیڑھ گھنٹہ ہوگا جس کا کرایہ تین سو روپے مقرر کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معذور افراد کے لیے ٹکٹ مفت ہوگا۔ ریجنل منیجر ٹی ڈی سی پی نے مزید بتایا کہ سکول ٹورازم کے فروغ کے لیے خصوصی پیکیج متعارف کرائے گئے ہیں جس میں طلبا رعایتی ریٹ کی سہولت کے ساتھ ساتھ بہاول پور کی تاریخ بھی جان سکیں گے۔ خصوصی رعایت کم از کم دس کے گروپ پر ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ کارپوریٹ سیکٹر بھی اس سے بھرپور استفادہ کرسکیں گے۔ ان کے لیے مکمل بس کا کرایہ صرف15000/- روپے رکھا گیا ہے۔ اس بس میں منفرد انداز میں سالگرہ، منگنی اور شادی وغیرہ کے لیے بھی بکنگ کرائی جاسکے گی۔ ریجنل منیجر ٹی ڈی سی پی مصباح اسحاق نے بتایا کہ مستقبل میں اس ڈبل ڈیکر بس کے نئے روٹس بھی متعارف کرائے جائیں گے۔

پیکیج فائنل

مزید :

ملتان صفحہ آخر -