پی ایس ایل 6کا رنگ میلہ سج گیا، افتتاحی میچ میں کراچی کنگز کی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 7وکٹوں سے شکست 

  پی ایس ایل 6کا رنگ میلہ سج گیا، افتتاحی میچ میں کراچی کنگز کی کوئٹہ گلیڈی ...

  

  کراچی(این این آئی) پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن کا رنگا رنگ میلہ سج گیا،عاطف اسلم کے بعد بین الاقوامی اسٹار عمران خان اور حمیمہ ملک نے اپنی شاندار ”ووفر پرفارمنس“سے تقریب کو چار چاند لگا دئیے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ کی افتتاحی تقریب ترکی میں منعقد کی گئی جوبراہ راست نشر کرنے کے بجائے ریکارڈ کر کے کراچی میں نشر کی گئی۔تقریب کا آغاز پاکستان کے قومی ترانے سے کیا گیا جس کے بعد چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) احسان مانی نے خطاب کرتے ہوئے شریک ٹیموں، آفیشلز، عملے اور تمام اسٹیک ہولڈرز کا تہہ دل سے شکر ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ اس سال پی ایس ایل کے میچز کراچی اور لاہور میں کھیلے جا رہے ہیں اور کورونا وائرس کی وجہ سے کراچی میں صرف ساڑھے 7ہزار اور لاہور میں ساڑھے 5ہزار شائقین میدان میں آ سکیں گے۔احسان مانی نے عوام کو خوشخبری سناتے ہوئے کہا کہ اگر حالات بہتر ہوتے ہیں تو زیادہ لوگوں کو اسٹیڈیم لانے کی اجازت مل سکے گی۔انہوں نے کہاکہ اگر ہمیں حکومت پاکستان، حکومت سندھ اور حکومت پنجاب کی مدد حاصل نہ ہوتی تو پی ایس ایل کے تمام میچز ان حالات میں کراچی میں کھیلنا ناممکن ہوتا اور میں خاص طور پر سیکیورٹی، قانون نافذ کرنے والے اداروں، مقامی حکومتوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔چیئرمین پی سی بی نے ایونٹ میں شرکت کرنے والے غیرملکی بین الاقوامی کھلاڑیوں کا بھی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم آپ کو پاکستان میں خوش آمدید کہتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ آپ اپنے ساتھ یہاں قیام کی خوشگوار یادیں واپس لے کر لوٹیں گے اور ہم اگلے سال دوبارہ آپ کو خوش آمدید کہنے کے منتطر ہوں گے۔انہوں نے ملک میں کھیل کے فروغ کے لیے بورڈ سے اشتراک کرنے پر تمام فرنچائزوں کا بھی شکریہ ادا کیا اور ایونٹ میں شریک تمام چھ ٹیموں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔اس کے بعد پاکستان سپر لیگ کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد اورنگزیب نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہر گزرتے سال کے بہترین ٹورنامنٹ کے انعقاد پر پاکستان کرکٹ بورڈ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ان کا کہنا تھا کہ ملک میں کرکٹ کے جوش و جذبے کو دوبارہ سے زندہ اور ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی کے لیے کردار ادا کرنے پر ایچ بی ایل فخر محسوس کرتا ہے۔

پی ایس ایل 6

کراچی (آئی این پی)پاکستان سپر لیگ 6کے پہلے میچ میں دفاعی چیمپئن کراچی کنگز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔ ہفتہ کونیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے پی ایس ایل 6 کے پہلے میچ میں کراچی کنگز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، پہلے کھیلتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی پوری ٹیم 121 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی اور کراچی کنگز کو جیت کے لیے 122 رنز کا ہدف ملا جو کہ اس نے 14 ویں اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔کوئٹہ کی جانب سے اننگز کا آغاز کپتان سرفراز احمد اور ٹام بینٹن نے کیا تاہم پہلے ہی اوور میں 6 کے مجموعی اسکور پر ٹام بینٹن 5 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔اس کے بعد سرفراز احمد 7، صائم ایوب 8، کرس گیل 39، محمد نواز 3، اعظم خان 17، بین کٹنگ 11، عثمان شنواری 0 اور محمد حسنین 4 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔یوں کوئٹہ کی ٹیم پورے 20 اوورز بھی نہ کھیل سکی اور 18.2 اوورز میں 121 رنز بناکر آل آؤٹ ہوگئی۔کراچی کی جانب سے ارشد اقبال 3 اور وقاص مقصود نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، عماد وسیم اور محمد عامر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی،  عامر یامین اور ڈینئل کرسچن نے بھی ایک ایک وکٹ لی۔122 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کراچی کا آغاز مایوس کن رہا اور اوپنر شرجیل خان پہلے ہی اوور میں 4 رنز بنا کر حسنین کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔شرجیل کے بعد جوکلارک اور بابر اعظم نے ٹیم کے لیے 55 رنز کی قیمتی شراکت داری قائم کی، جوکلارک نے 23 گیندوں پر 46 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی اورچھٹے اوور میں عثمان شنواری کا شکار ہوگئے۔ان کے بعد کراچی کے تیسرے آٹ ہونے والے کھلاڑی بابر اعظم تھے جنہوں نے 24 رنز بنائے اور 87 کے مجوعی اسکور پر حسنین کا شکارہوگئے۔بابر کے بعد کولن انگرام اور محمد نبی نے ذمہ داری سے کھیلتے ہوئے ٹیم کو ہدف تک پہنچادیا، دونوں بالترتیب 30 اور 17 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، کراچی کنگز نے 122 رنز کا ہدف ویں 14 ویں  اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔کوئٹہ کی جانب سے حسنین نے 2 اور عثمان شنواری نے ایک وکٹ حاصل کی۔

کراچی کنگز فاتح

مزید :

صفحہ اول -