پروٹوکول کی خلاف ورزی،پشاور زلمی پہلے میچ میں کپتان اور ہیڈ کوچ کی خدمات سے محروم

    پروٹوکول کی خلاف ورزی،پشاور زلمی پہلے میچ میں کپتان اور ہیڈ کوچ کی خدمات ...

  

  کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے آغاز سے چند گھنٹے قبل بائیو سیکیور ببل کی خلاف ورزی پر پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض اور ہیڈ کوچ ڈیرن سیمی اپنی ٹیم کے پہلے میچ سے باہر ہو گئے ہیں۔وہاب ریاض اور ڈیرن سیمی پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کی جانب سے پی ایس ایل کے لیے متعین کردہ پروٹوکول کی خلاف ورزی کی جس کی وجہ سے اب وہ ایونٹ میں اپنی ٹیم کا افتتاحی میچ نہیں کھیل سکیں گے۔ذرائع کے مطابق سیمی اور وہاب ریاض ایک غیرمتعلقہ فرد کے بلانے پر بائیو سیکیور ببل سے باہر چلے گئے اور غیردانستہ طور پر پروٹوکولز کی خلاف ورزی کر بیٹھے۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ پی سی بی ایونٹ کے آغاز سے قبل ہی تام ٹیموں، کھلاڑیوں اور آفیشلز کو کورونا وائرس کی وجہ سے طے کردہ اصول و ضوابط، پروٹوکولز، بائیو سیکیور ببل اور حفاظتی تدابیر پر لیکچر دے چکا تھا لیکن اس کے باوجود پشاور زلمی کے کپتان اور کوچ نے خلاف ورزی کی جس پر اور بورڈ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ایکشن لیا۔سیمی اور وہاب دونوں کو فوری طور پر قرنطینہ کر دیا گیا ہے اور ٹیم کے ساتھ نہیں ٹھہر سکتے۔دونوں اسی ہوٹل میں موجود ہیں جس میں پشاور زلمی ہے لیکن ان کو الگ فلور پر آئسولیشن میں رکھا گیا ہے۔پشاور زلمی کے کپتان اور کوچ کم از کم تین دن تک اسکواڈ سے نہیں مل سکیں گے اور دوبارہ اسکواڈ کا حصہ بننے کے لیے انہیں لازمی دو منفی ٹیسٹ لانا ہوں گے۔وہاب ریاض کی عدم دستیابی کے سبب لیگ کے پہلے میچ میں ممکنہ طور پر تجربہ کار شعیب ملک ٹیم کی قیادت کریں گے۔

پشاور زلمی

  

مزید :

صفحہ اول -